سول جج کی عدالت نے بابر خانزادہ قتل کیس میں11افسران و اہلکاروں کو لاپرواہی برتنے پر چالان کردیا ، کیس ٹرائل کورٹ روانہ

ہفتہ 17 جولائی 2021 22:05

ٹنڈوالہ یار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2021ء) سول جج کی عدالت نے بابر خانزادہ قتل کیس میں11افسران و اہلکاروں کو لاپرواہی برتنے پر 322 پی پی سی میں چالان کردیا، کیس کو سیشن ٹرائیل کے لئے بھجوا دیا ، تفصیلات کے مطابق سول جج و جوڈیشل مجسٹریٹ علی بخش تھیبو نے بابر خانزادہ قتل کیس کے 11 پولیس اہلکاروں افسران کو لاپرواہی برتنے پر 322 پی پی سی میں چالان کرکے سیشن کورٹ میں ٹرائیل کیلئے بھجوادیا ، سول جج علی بخش تھیبو نے معاملے کو مختلف زاویوں سے جانچ کرنے کے بعد کیس سیشن کورٹ میں ٹرائیل کیلئے بھجوادیا ہے ، واضح رہے کہ دو ماہ قبل بابر خانزادہ کی پھندہ لگی لاش پولیس لاک اپ میں بر آمد ہوئی تھی جسپر بابر خانزادہ کی بہن اور بھائی نے مذکورہ واقعے کے خلاف ورثا کے ہمراہ لاش رکھکر احتجاج کیا تھا اور پولیس کے خلاف مقتول کی بہن نے قتل کا مقدمہ ٹنڈوالہ یار کے اے سیکشن تھانے میں درج کروایا تھا جسکے بعد میڈیا پر خبریں نشر ہونیکے بعد آئی جی سندھ اور آ ر پی او حیدرآباد نے دو الگ الگ جے آئی ٹی کی ٹیمیں تشکیل دی تھیں ،جبکہ ایک ٹیم کی جانب سے بابر خانزادہ کے قتل کو خود کشی قرار دیا گیا تھا جبکہ دوسری ٹیم میں شامل ایس ایس پی حیدرآباد نے پولیس اہلکاروں کی غفلت اور نا اہلی ظاہر کی تھی ایک ماہ قبل بابر خانزادہ قتل کیس کے معاملے پر بااثر شخصیات کی موجودگی میں بابر خانزادہ قتل کیس کا مبینہ طور پر جرگہ ٹنڈو سومرو میں منعقد ہوا تھا جہاں پولیس کی جانب سے بابر خانزادہ پر جھوٹا مقدمہ اور غفلت ثابت ہونے پر پولیس پر 28 لاکھ کا جرمانہ عائد کیا گیا تھا، دوسری جانب ذرائع کے مطابق بابر خانزادہ قتل کیس میں نامزد دو پولیس افسران ایس ایچ او اے سیکشن عمران چانڈیو اور سی آئی اے انچارج امتیاز ڈومکی نے ہائی کورٹ سے ضمانت حاصل کی تھی۔