سعودی عرب میں اوقاتِ نماز کے دوران دکانیں کھلی رکھنے کی اجازت دے دی گئی

صارفین کو انتظار کی زحمت سے بچانے کے لیے اوقات نماز کے دوران بھی دکانیں کھلی رکھنے کی اجازت ہے

Sajjad Qadir سجاد قادر اتوار 18 جولائی 2021 08:38

سعودی عرب میں اوقاتِ نماز کے دوران دکانیں کھلی رکھنے کی اجازت دے دی ..
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 جولائی2021ء)  سعودی عرب میں نماز کے اوقات کے دوران کاروباری سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت دیدی گئی۔سعودی میڈیا کے مطابق ایوان ہائے صنعت و تجارت کے سربراہ عجلان بن عبدالعزیز العجلان نے ملک بھر کے تمام تجارتی مراکز کو کھلا اور کاروباری سرگرمیوں کو اوقاتِ نماز کے دوران جاری رکھنے کا اجازت نامہ جاری کردیا۔

اجازت نامے میں کہا گیا ہے کہ کورونا وبا کے دوران صارفین کو انتظار کی زحمت اور رش سے بچانے کے لیے اوقات نماز کے دوران بھی دکانیں کھلی رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔اس حوالے سے ایوان ہائے صنعت و تجارت کے سربراہ نے مزید کہا کہ اوقات نماز کے دوران دکانیں کھلی رکھنے کا اعلان خریداری کے تجربے، خریداروں اور گاہکوں کی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کی کوشش ہے۔

(جاری ہے)

سعودی ایوان ہائے صنعت و تجارت کے مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ اوقات نماز کے دوران کاروبار کی بندش کے خاتمے کا فیصلہ متعلقہ حکام سے تبادلہ خیال اور معاونت کے بعد کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ 21 جون کو سعودی ارکان شوری عطا الثبیتی، ڈاکٹر فیصل الفاضل، ڈاکٹر لطیفہ الشعلان اور ڈاکٹر لطیفہ العبد الکریم نے اوقات نماز کے دوران تجارتی ادارے بند کرنے کی پابندی اٹھانے کی سفارش کی تھی۔

یاد رہے کہ یہ فیصلہ اس ریفرنس پر کیا گیا ہے کہ سعودی عرب کے علاوہ مسلم دنیا میں کہیں بھی نماز کے دوران کاروبار بند نہیں کیا جاتا۔تاہم کاروباری مراکز جمعے کو بند رہیں گے۔ ارکان شوریٰ نے یہ سفارشات اسلامی و عدالتی امور کی کمیٹی کو پیش کی ہے اور آزاد ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سفارش پر آج ووٹنگ کی جائے گی۔واضح رہے کہ سعودی عرب میں عشروں سے اوقات نماز کے دوران کاروباری مراکز کھلے رکھنے پر پابندی ہے تاہم ولی عہد محمد بن سلمان کے وژن 2023 کے تحت ملک میں کئی اصلاحات لائی جا رہی ہیں جن میں خواتین کو بااختیار بنانا بھی شامل ہے۔