بیٹی نے اپنا جگر دے کر باپ کی جان بچالی

پاکستان میں پہلا مطابقتی جگر ٹرانسپلانٹ کا کامیاب آپریشن

Sajjad Qadir سجاد قادر اتوار 18 جولائی 2021 08:41

بیٹی نے اپنا جگر دے کر باپ کی جان بچالی
ویب ڈیسک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 جولائی2021ء)  پاکستان کی تاریخ کا پہلاغیر مطابقتی جگر ٹرانسپلانٹ کا کامیاب آپریشن، مریض اور جگر عطیہ کرنے والی بیٹی دونوں کی حالت ٹھیک ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق فیصل آباد کے رہائشی طارق اقبال شہزادہ کا سندھ کے ضلع خیر پورمیں پیر عبدالقادر شاہ جیلانی انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز گمبٹ میں پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ غیر مطابقتی (abo- incompatible) طریقہ کار کے مطابق جگر کا کامیاب ٹرانسپلانٹ کیا گیا۔

آپریشن کے بعد ہوش میں آتے ہی طارق اقبال نے اپنی بیٹی کے بارے میں دریافت کیا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بیٹیاں لیتی کچھ نہیں بلکہ دیتی ہی ہیں۔ میری بیٹی نے بھی مجھے اپنا جگر دے کر میری جان بچا لی ہے۔

(جاری ہے)

میں اس کا شکریہ ادا بھی کروں تو ادا نہیں کرسکتا۔آپریشن ادارے کے شعبہ گمبٹ آرگن ٹرانسپلانٹ کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر عبدالوہاب ڈوگر اور ان کی ٹیم نے کیا۔

پروفسیر ڈاکٹر عبدالوہاب ڈوگر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ٹرانسپلانٹ کے قوانین کے مطابق جسم کے کسی بھی حصہ کا عطیہ صرف قریبی عزیز اور خون کے رشتہ دار ہی کر سکتے ہیں۔جانچ پڑتال ہوئی تو سب سے موزوں ان کی انٹرمیڈیٹ میں زیر تعلیم بیٹی زینب طارق کو پایا گیا۔ تاہم ابھی ہم نے خاندان والوں کو بتایا نہیں تھا کہ زینب کا جگر طارق کے لیے سب سے موزوں ہو گا۔

اس دوران زینب تنہا میرے پاس آئیں اور درخواست کی کہ اگر ان کے والد کو ان کا جگر لگایا جائے تو انھیں بے انتہا خوشی ہو گی۔پروفسیر ڈاکٹر عبدالوہاب ڈوگر کا کہنا تھا کہ غیر مطابقتی آپریشن پاکستان میں پہلی مرتبہ ہوا ہے جبکہ امریکہ اور یورپ میں یہ ٹیکنالوجی گذشتہ دس سال سے استعمال کی جا رہی ہے۔انسانی جسم میں موجود اینٹی باڈی یا قوت مدافعت باہر سے آنے والوں کے خلاف مدافعت کرتی ہے۔

اسی وجہ سے ایسا بلڈ گروپ جو ملتا نہ ہو اس کو انسانی جسم قبول کرنے سے انکار کر دیتا ہے۔ بلڈ گروپ نہ ملے تو پھر ٹرانسپلانٹ غیر مطابقتی طریقہ کار کے بغیر ممکن نہیں ہوتا۔پروفسیر ڈاکٹر عبدالوہاب ڈوگر کے مطابق غیر مطابقتی طریقہ کار کے مطابق ٹرانسپلانٹ کرنے کے لیے انسانی جسم میں سے اینٹی باڈی یا قوت مدافعت مخصوص سطح تک کم کی جاتی ہے تاکہ وہ دوسرے بلڈ گروپ یا کسی اور کے جسم کا حصہ جس کا بلڈ گروپ نہیں ملتا، کو قبول کر لے۔

پروفسیر ڈاکٹر عبدالوہاب ڈوگر کا کہنا تھا کہ اس عمل میں انھوں نے اپنے ادارے کے دیگر شعبوں کے ماہرین ڈاکٹر شہزاد سرور، ڈاکٹر روزنیہ، ڈاکٹر فرحان اور ڈاکٹر ندیم کی بھی مدد حاصل تھی۔پروفسیر ڈاکٹر عبدالوہاب ڈوگر کے مطابق لیور ٹرانسپلائینٹ سے گزرنے والے ہر مریض کو ساری زندگی کچھ نہ کچھ لازمی ادوایات استعمال کرنا پڑتی ہیں اور طارق کو بھی ایسا ہی کرنا پڑے گا۔ان کا بلڈ گروپ تو او پازیٹو ہے مگر اب یہ ہو گا اگر انھیں زندگی میں کبھی خون میں سرخ خلیوں کی ضرورت پڑی تو او پازیٹو ہی لگے گا مگر انھیں سفید خلیے لگانے کی ضرورت پڑی تو یہ اے پازیٹو لگیں گے کیونکہ ان کو جگر عطیہ کرنے والی زینب کا خون کا گروپ بی پازیٹو ہے۔