پاک فضائیہ سے متعلق افغان نائب صدر کے الزامات بے بنیاد ہیں

پاکستان نے افغانستان میں کوئی کارروائی نہیں کی، ترجمان پاک فوج

Sajjad Qadir سجاد قادر اتوار 18 جولائی 2021 08:45

پاک فضائیہ سے متعلق افغان نائب صدر کے الزامات بے بنیاد ہیں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 جولائی2021ء)  پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ افغانستان میں کارروائی کے حوالے سے پاک فضائیہ سے متعلق افغان نائب صدر کے الزامات بے بنیاد ہیں۔ پاکستان نے افغانستان میں کوئی کارروائی نہیں کی۔ کسی اور کی سر زمین ہمارے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل بابر افتخار نے بات کرتے ہوئے بتایا کہ خطے کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔

افغان امن عمل کی کامیابی کے لیے اپنا کردارسنجیدگی سے ادا کر رہے ہیں۔ افغانستان میں اگر کشیدگی ہوتی ہے تو اس کا اثر پاکستان پر ہو گا۔ پر امن افغانستان کا اثر بھی پاکستان پر ہوگا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں امن افغان کی صورتحال پر منحصر ہے، افغانستان میں حالات خراب ہوئے تو پاکستان میں دہشتگردوں اور سلیپر سیل کے دوبارہ فعال ہونے کا خدشہ ہے، دہشتگرد تنظیمیں آپس میں اتحاد کر سکتی ہیں۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان میں امن عمل میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی، ہم افغانستان میں امن کے ضامن نہیں، یہ فیصلہ افغان فریقوں نے کرنا ہے، مستقبل میں پیدا ہونے والے حالات کے لیے ہم نے بہت تیاری کی ہے۔میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے ویژن کے مطابق بھرپور کام کر رہے ہیں، مغربی بارڈر پر باڑ کا کام تیزی سے جاری ہے، سینکڑوں پوسٹیں تعمیر کی گئی ہیں۔

جدید بائیو سسٹم کی تنصیب کی گئی ہے۔ غیر قانونی کراسنگ پوائنٹس کو سیل کر دیا گیا ہے، ایف سی کی استعداد میں اضافہ کیا گیا ہے، بلوچستان اور سابقہ قبائلی علاقوں میں پولیس اور لیویز اہلکاروں کو پاک فوج نے تربیت دی ہے۔انہوں نے کہا کہ خطے کا دارو مدار افغانستان میں امن عمل سے ہے، بلوچستان میں شدت پسندوں گروپوں کو بھی تقویت مل سکتی ہے۔

بلوچستان میں دہشتگرد دوبارہ فعال ہو سکتے ہیں، ملک و قوم کے لیے سکیورٹی کے اقدامات کیے ہیں۔ پر امن افغانستان کا بھی سب سے زیادہ فائدہ پاکستان کو ہو گا۔ افغانستان میں دہشتگرد گروپوں کے دوبارہ فعال ہونے کا خدشہ ہے، ہم اپنی قربانیوں کو کسی صورتحال رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ مستقبل میں پیدا ہونے والے واقعات کی تیاری پہلی ہی کر لی ہے۔