ای سی سی نے کپاس کی امدادی قیمت5000روپے فی من کرنے کی منظوری دی ہے‘ جمشید اقبال چیمہ

مقامی مارکیٹ میں استحکام لانے کیلئے ٹی سی پی پہلے مرحلے میں 2لاکھ بیلز کی خریداری کریگی‘ معاون خصوصی فوڈسکیورٹی اینڈریسرچ

اتوار 18 جولائی 2021 12:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2021ء) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کپاس کی امدادی قیمت5000روپے فی من کرنے کی منظوری دی ہے،مقامی مارکیٹ میں کپاس کی قیمتوں میں استحکام لانے کیلئے ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان پہلے مرحلے میں 2لاکھ بیلز کی خریداری کرے گی پھر مارکیٹ کو دیکھتے ہوئے خریداری کا دائرکار بڑھایا جائے گا ،ہم خوراک کے اربوں ڈالرز کے سالانہ بل کو بتدریج کم کر کے برآمدات میںتبدیل کریں گے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ(ن) نے زراعت کی ترقی کا ڈھنڈورا تو پیٹا لیکن عملی طور پر کوئی اقدامات نہیں کئے ، وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت اصلاحات کی غرض سے ایگریکلچرٹرانسفارمیشن پروگرام لے کر آئی ہے جس پر ہنگامی بنیادوںپر عملدرآمد بھی شروع کر دیا گیاہے ۔

(جاری ہے)

ہم لائیو سٹاک کی ترقی کیلئے انقلابی اقدامات کر رہے ہیں ، پاکستان دودھ اور اس کی مصنوعات کی 25ارب ڈالر کی مصنوعات کی برآمدات کا پوٹینشل رکھتا ہے ، ہم برآمدات کو ویلیو ایڈیشن کی طرف لے کر جارہے ہیں ، مینو فیکچررز کو ٹیکنالوجی سے روشاس کر رہے ہیں ، زرعی میں جدید ٹیکنالوجی کو لا رہے ہیں زور زرعی آلات کے لئے اربوں روپے کی سبسڈی مختص کی گئی ہے ۔