ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی کی طرف سے شبیر شاہ کی نظربندی کے چار سال مکمل ہونے پر اٴْن کے عزم واستقلال کو سلام

شبیراحمد شاہ کیخلاف سینکڑوں صفحات پر مشتمل نام نہاد چارج شیٹ پیش کی گئی ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ اٴْن الزامات کو ثابت کرنے کیلئے ایک بھی ثبوت پیش نہیں کیا گیا

اتوار 18 جولائی 2021 14:15

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2021ء) غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئررہنما اور تنظیم کے سربراہ شبیراحمد شاہ کی مسلسل نظربندی کے چار سال مکمل ہونے پر اٴْن کے عزم واستقلال کو سلام پیش کیا ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ آج سے ٹھیک چار سال پہلے شبیراحمد شاہ کو سرینگر سے گرفتار کرکے دہلی کی بد نام زمانہ تہاڑ جیل پہنچایا گیا تب سے وہ حق گوئی و بیباکی کی سزاانتہائی صبر و استقامت کے ساتھ کاٹ رہے ہیں۔

بیان میں کہاگیا کہ شبیراحمد شاہ کیخلاف اگر چہ سینکڑوں صفحات پر مشتمل نام نہاد چارج شیٹ پیش کی گئی ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ اٴْن الزامات کو ثابت کرنے کیلئے ایک بھی ثبوت پیش نہیں کیا گیا اور شبیر شاہ کی 33سالہ جیل کی زندگی کی یہی حقیقت ہے۔

(جاری ہے)

اٴْنہیں اپنی نصف زندگی مختلف جیلوں اور اذیت خانوں میں گزارنے پر مجبور کیا گیا لیکن ہر بار وہ سرخرو ہوکر رہا ہوگئے کیونکہ اٴْن کی سیاست شفاف ہے۔

وہ مسئلہ کشمیر کا کشمیری عوام کی مرضی کے مطابق حل چاہتے ہیں اور یہی ان کی سیاست ہے۔ وہ مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں لیکن ظلم کو ظلم اور ظالم کو ظالم کہنے میں خوف نہیں کھاتے ہیں۔ بیان میں کہاگیا کہ شبیر احمد شاہ آج بھی محمد یاسین ملک، مسرت عالم بٹ،الطاف شاہ، پیر سیف اللہ، ایاز اکبر، نعیم خان، معراج الدین کلوال، شاہد الاسلام، آسیہ اندرابی، فہمیدہ صوفی، ناہیدہ نسرین،ڈاکٹر غلام محمد، سید شاہد یوسف، سید شکیل احمد، فاروق احمد ڈار اوردیگر سینکڑوں سیاسی نظربندوںکے ساتھ مزاحمت کی ناقابل فراموش تاریخ رقم کررہے ہیں۔

بیان میں دنیا کی انصاف پسند طاقتوں سے اپیل کی گئی کہ وہ شبیر شاہ سمیت تمام کشمیری نظربندوں کی حفاظت اوررہائی کے لئے اپنا کرداراداکریں اورجنوبی ایشیا کے امن کو تباہ ہونے سے بچانے کیلئے تنازعہ کشمیر کو کشمیری عوام کی مرضی کے مطابق حل کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کریں۔