دوسرا ٹی ٹونٹی ، پاکستان کا انگلینڈ کیخلاف ٹاس جیت کر بائولنگ کا فیصلہ

قومی ٹیم کو سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 18 جولائی 2021 18:06

دوسرا ٹی ٹونٹی ، پاکستان کا انگلینڈ کیخلاف ٹاس جیت کر بائولنگ کا فیصلہ
لیڈز (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 18 جولائی 2021ء ) تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے دوسرے مقابلے میں پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بائولنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پاکستانی ٹیم کو تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے۔ شیڈول کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 20 جولائی کو مانچیسٹر میں کھیلا جائے گا۔

یاد رہے کہ نوٹنگھم میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف 31 رنز سے کامیابی حاصل کی ۔ پاکستان اورانگلینڈ کی ٹیموں کے مابین 28 اگست 2006ء سے 16 جولائی 2021ء تک 19 ٹونٹی ٹونٹی میچز کھیلے گئے جن میں سے 6 میچ پاکستان نے اور11 میچ انگلینڈ نے جیتے اور ایک میچ برابر ہونے کے بعد سپر اوور میں انگلینڈ نے جیتا جبکہ ایک میچ غیر فیصلہ کن رہا۔

(جاری ہے)

انگلینڈ کا پاکستان کے خلاف کامیابی کا تناسب 63.88 فیصد ہے ،پاکستان کا انگلینڈ کے خلاف کامیابی کا تناسب36.11 فیصد ہے ۔ دوسری جانب پاکستان اورانگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے مابین کھیلے گئے ٹی ٹونٹی میچوں میں زیادہ رنزبنانے کااعزازانگلینڈ کے این مورگن کے پاس ہے ، انہوں نے 16 میچوں کی 16 اننگزمیں 36.90 کی اوسط سے 406 رنز بنائے جن میں 3 نصف سنچریاں شامل ہیں، ان کا زیادہ انفرادی سکور67 رنز ناٹ آؤٹ ہے۔

دوسرے نمبرپر کیون پیٹرسن نے 8 میچوں کی 8 اننگز میں 69.60 کی اوسط سے 348 رنز بنائے جن میں 4 نصف سنچریاں شامل ہیں ،ان کا زیادہ سے زیادہ انفرادی سکور 73 رنز ناٹ آؤٹ ہے۔ تیسرے نمبر پر پاکستان کے محمد حفیظ نے 13 میچوں کی 12 اننگز میں 28.45 کی اوسط سے 313 رنز بنائے جن میں 2 نصف سنچریاں شامل ہے، ان کا زیادہ سے زیادہ انفرادی سکور 86 رنز ناٹ آؤٹ ہے۔ چوتھے نمبرپر پاکستان کے شعیب ملک نے 13 میچوں کی 9 اننگز میں 27.55 کی اوسط سے 248 رنز بنائے جن میں ایک نصف سنچری شامل ہے، ان کا زیادہ سے زیادہ انفرادی سکور75 رنز ہے۔ پانچویں نمبرپر پاکستان کے بابراعظم نے 6 میچوں کی 5 اننگز میں 60.50 کی اوسط سے 242 رنز بنائے جن میں 3 نصف سنچریاں شامل ہیں، ان کا زیادہ سے زیادہ انفرادی سکور85 رنز ناٹ آؤٹ ہے۔