ڈی جی سپورٹس آل پاکستان ماسٹرکپ ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ اختتام پذیر

پاکستان واپڈا کی پرنیا خان اور محمد رمیض نے ٹائٹل اپنے نام کرلئے

اتوار 18 جولائی 2021 18:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2021ء) ڈی جی سپورٹس آل پاکستان ماسٹر کپ رینکنگ ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ میں پاکستان واپڈا نے میلہ لوٹ لیا ۔ خواتین مقابلوںواپڈا کی پرنیا خان جبکہ مردوں میں محمد رمیض نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ٹائٹل جیت لئے،اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی ملک واجد نے کھلاڑیوں میں میڈلز اور ٹرافیاں تقسیم کئے ، ان کے ہمراہ صوبائی ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن کے چیئر مین عظمت حنیف اورکزئی ، ایم ڈی لانگ مارچ شیر عالم ، پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن کے نائب صدر سلیم احمد ، صوبائی ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن کے نائب صدر کفایت الله، ڈائریکٹریٹ کوچز ابصار علی ، آمنہ سمیت دیگراہم شخصیات موجود تھیں ، ، پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن ، صوبائی ایسوسی ایشن اور ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے باہمی اشتراک سے پشاور سپورٹس کمپلیکس میں منعقدہ ڈی جی سپورٹس آل پاکستان ماسٹرکپ رینکنگ ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ اختتام پذیر ہوگیا جس میں واپڈا کے کھلاڑیوں نے بہترین کھیل کا مظاہر ہ کرتے ہوئے میل وفمیل دونوں ٹائٹلز اپنے نام کرلئے۔

(جاری ہے)

لیگ میچز میں واپڈا کے محمد رمیض نے پہلی پوزیشن حاصل کی جنہوں نے نو میچز میں سے آٹھ میچز میں کامیابی حاصل کی ، واپڈا کے فہد خواجہ نے سات میچز جیت دوسری پوزیشن حاصل کی ، شاہ خان نے تیسری ، عاصم قریشی نے چھ میچز جیت کر چوتھی اور بلال یاسین پانچویں پوزیشن حاصل کی ۔اسی طرح خواتین لیگ میچز میں واپڈا کی پرنیا خان نے ساتوں میچز جیت کر پہلی پوزیشن حاصل کی ، واپڈا ہی کی عائشہ شرجیل نے پانچ میچز جیت کر دوسری ، پاکستان آرمی کی خائقہ حسن نے تیسری ، واپڈا کی صنم یاسین نے چوتھی اور آرمی کی ثناء مظفر نے پانچویں پوزیشن اپنے نام کرلی ، مردوں کے ٹیم ایونٹ میں پاکستان واپڈا نے پہلی ، خیبرپختونخوا نے دوسری اور سندھ نے تیسری پوزیشن حاصل کی ، خواتین ٹیم ایونٹ میں واپڈا نے پہلی ، پنجاب نے دوسری اور خیبرپختونخوا نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔

آخرمیں مہمان خصوصی نے تمام فاتح کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے چیمپئن شپ میں ملک بھر سے سو سے زائد مردوخواتین کھلاڑیوں نے حصہ لیا ،۔