سی ڈی اے مزدور یونین چوہدری محمد یٰسین گروپ کی مشاورتی کونسل کا اجلاس

مزدور یونین آج بھی ریفرنڈم کے میدان میں سینہ تان کر کھڑی ہے ،چوہدری محمد یٰسین قانونی جنگ جیت کر مزدوردشمن ٹولے کو عوامی عدالت میں لا کھڑا کیا ،اورنگزیب خان

اتوار 18 جولائی 2021 19:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2021ء) سی ڈی اے مزدور یونین چوہدری محمد یٰسین گروپ انتخابی نشان چاندستارہ کی مشاورتی کونسل کا اجلاس مرکزی کیمپ آفس ستارہ مارکیٹ میں زیر صدارت اورنگزیب خان منعقد ہوا ،اجلاس میں سی ڈی اے مزدور یونین کے مرکزی عہدیداران ،رابطہ کمیٹی اور مشاورتی کونسل کے اراکین ،ممبران سوشل میڈیا ٹیم سمیت کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ،مشاورتی کونسل کے اجلاس سے سیکرٹری جنرل پاکستان ورکرز فیڈریشن اورقائد مزدور چوہدری محمد یٰسین ،اورنگزیب خان ،چوہدری زاہد احمد ،وارث دلیپ ،لالہ عزت خان ،احمد علی شیرازی ،سید ظفر علی شاہ ،سید ضمیر شاہ کاظمی ،عمران عباسی و دیگر عہدیداران نے خطاب کیا ،مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی ڈی اے کے ہر محنت کش کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنے ووٹ کی پرچی کے ذریعے اپنے بہتر مستقبل کے لیے اپنی مرضی کے نمائندوں کا انتخاب کرے ،مزدور یونین نے قانونی اور عدالتی جنگ جیتنے کے بعد نوسربازمزدوردشمن ٹولے کو گھسیٹ کر محنت کشوں کی عدالت میں لا کھڑا کیا ہے اور ریفرنڈم میں سی ڈی اے کا محنت کش اپنے ووٹ کی پرچی کی طاقت سے اس ٹولے کا مکمل احتساب کرے گا اور تاریخی عبرت ناک شکست سے دوچارکرے گا ،مزدور یونین نے اپنے دور میں ریگولر ملازمین اور بیوائوں کو چارہزار سے زائد پلاٹ الاٹ کروائے جس میں ہمارے سیاسی مخالفین بھی شامل ہیں اور اسلام آباد کے ڈویلپ سیکٹرز میں مزید چارہزار پلاٹ منظورکرواکر 30اپریل 2011کو ان پلاٹوں کی قرعہ اندازی کی تاریخ مقررکروائی لیکن یہ مزدور دشمن ٹولہ اور اس کی بغل بچہ تنظیم نے ان پلاٹوں کے خلاف اپنے گماشتوں کے ذریعے حکم امتناعی لے لیا ،سیاسی یتیموں کا یہ ٹولہ ساڑھے تین سال تک اقتدارکے مزلے لینے کے ساتھ لوٹ مار اوراقرباء پروری میں مصروف رہا اور ڈبل بیسک ،ملازمین کے پلاٹوں کی الاٹمنٹ ،ان کے بچوں کی بھرتی اور دیگر مراعات میں اضافے کے خواب دکھا کر ملازمین کے معاشی قتل میں مصروف رہا اور ان کے دور میں سی ڈی اے میں کام کرنے والے ڈیلی ویجز اور مسٹررول ملازمین کو انکی نوکریوں سے برطرف کر کے بے روزگار کیا گیا اور یہ لوگ خاموش تماشائی بنے رہے اور آج ایک بارپھر مزدور یونین کا راستہ روکنے کے لیے ڈھول گروپ اور بچہ جمہورہ آپس میں گٹھ جوڑ کیے ہوئے ہیں ،ہمارا چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد اور بورڈ ممبران سے مطالبہ ہے کہ مزدور یونین کے ساتھ طے شدہ معاہدے کے تحت دس سال مدت ملازمت پوری کرنے والے تمام ملازمین کے پلاٹوں کی قرعہ اندازی کروائی جائے اور جن ڈیلی ویجز و مسٹررول ملازمین کو انکی نوکریوں سے برطر ف کیا گیا ہے مزدور یونین کے معاہدوں کے تحت ان کو فوری طور پر بحال کرکے انکو مستقل کیا جائے ،ادارے میں جلد ریفرنڈم کا انعقاد ہونے جا رہا ہے اور سی ڈی اے مزدور یونین کے تمام عہدیداران، کارکن اور سوشل میڈیا کے اراکین مزدور یونین کے منشور کو ہر محنت کش تک پہنچائیں ،انشاء اللہ ریفرنڈم میں کامیابی مزدور یونین کا مقدر بن چکی ہے ۔