حکومت نے ہمارے مطالبات نہ مانے تو پورے ملک میں گیس سپلائی بند کردیں گے‘عرفان کھوکھر

زمینی راستے سے آنے والی ایل پی جی پر ریگولیٹری ڈیوٹی کو ختم کیا جائے ایل پی جی غریب کا فیول ہے اس انڈسڑی کو ٹیکس فری قرار دیا جائے‘چیئرمین ایل پی جی

اتوار 18 جولائی 2021 20:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2021ء) چیئرمین ایل پی جی عرفان کھوکھر نے کہا ہے کہ اگر حکومت نے ہمارے مطالبات نہ مانے تو پورے ملک میں گیس سپلائی بند کردیں گے۔ایل پی جی انڈسٹریز پاکستان کی زیراہتمام لاہور گارڈن ٹائون میں ایل پی جی کنونشن کا انعقاد کیا گیا، ایل پی جی انڈسٹری سے وابستہ تاجروں نے حکومتی نئی پالیسی کو ماننے سے انکار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ زمینی راستے سے آنے والی ایل پی جی پر ریگولیٹری ڈیوٹی کو ختم کیا جائے۔

چیئرمین ایل پی جی انڈسٹریز ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر کا کہنا تھا کہ ایل پی جی غریب کا فیول ہے اس انڈسڑی کو ٹیکس فری قرار دیا جائے، ایل پی جی پیداوار بڑھانے کے لئے جام شورو جوائنٹ وینچر کو فوری چلایا جائے، ایل پی جی کی منتقلی میں پولیس اہلکاروں کی براہ راست مداخلت فوری ختم کی جائے، کسی بھی طرح کی ایس او پیز کی خلاف ورزی کی صورت میں پولیس کے بجائے اسسٹنٹ کمشنر، ڈپٹی کمشنر کے حکم کے بعد سول ڈیفنس اور ٹاون آفیسز کے عملے کو کارروائی کے لئے پابند کیا جائے۔

(جاری ہے)

عرفان کھوکھر کا کہنا تھا کہ گوجرانوالہ میں استعمال شدہ لوہے کے ڈرم سیغیر معیاری سلینڈر، وال اور بوزر بنائے جارہے ہیں جو دھماکے کا باعث بنتے ہیں، ایسے کارخانوں کو فوری طور پر بند کیا جائے، اوراگرغیرمعیاری سلینڈرز کے کارخانوں کے خلاف کاروائی اور ہمارے دیگر مطالبات نہ مانے گئے تو آج ہم لاہور کی میٹرو بس سروس بند کریں گے، جب کہ 31 جولائی کوملک گیر ہڑتال ہوگی، اور ہم پورے ملک کی گیس بند کردیں گے۔

دوسری جانب کنونشن میں شامل ایل پی جی کے عہدیدار اور دیگر شہروں سے آنے والے شرکا ریلی کی صورت میں کلمہ چوک پہنچے اور لاہور میٹرو بس کا ٹریک بند کردیا اور پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی، ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز کے احتجاج کے باعث میٹروبس سروس عارضی طور پر معطل ہوگئی، جس کے بعد شاہدرہ اور گجومتہ کی جانب سے آنے اور جانے والی میٹر بسوں کو کلمہ چوک اور قذافی میٹروبس اسٹیشنز پر روک لیا گیا۔