ادارہ ترقیات حیدرآباد نے شہر میں بیوٹیفکیشن اور شہریوں کو نکاسی و فراہمی آب کے معاملات میں بہتر سے بہتر سروس فراہم کی ہے ، عبدالجبار خان

اتوار 18 جولائی 2021 22:40

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2021ء) پیپلزپارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان نے کہا ہے کہ ادارہ ترقیات حیدرآباد نے شہر میں بیوٹیفکیشن اور شہریوں کو نکاسی و فراہمی آب کے معاملات میں بہتر سے بہتر سروس فراہم کی ہے ، صوبائی حکومت کی اولین کوشش ہے کہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کی جائیں اور حکومت کے اسی وژن کے تحت ڈی جی ایچ ڈی اے سمیت دیگر انتظامیہ عوام کو سہولتوں کیلئے دن رات کوشاں ہیں، ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ حیدرآباد میں شجر کاری سمیت بیوٹیفکیشن کے کاموں کے بعد شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوا ہے ، اسی طرح سرمست ہاؤسنگ اسکیم کی ٹرانسپرنسی کو برقرار رکھنے کیلئے بائیو میٹرک سسٹم کے تحت نادرا سے لنک کیا گیا ہے، انہوں نے کہاکہ مون سون کی بارشوں کے حوالے سے بھی فلٹر پلانٹ کا دورہ کررہے ہیں تاکہ شہر میں پانی کو جمع نہ ہونے دیا جائے اور زندگی معمول کے مطابق رواں دواں رہے، انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی حکومت عوام کے ووٹوں سے منتخب ہوکر آتی ہے اور اس کی اولین کوشش ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ عوام کے مسائل حل کریں، شہریوں کی سہولتوں کیلئے نئے فلٹر پلانٹ بھی بنائے جارہے ہیں اس کے علاوہ سرمست اور کوہسار زون کی دیگر اسکیموں پر پانی پہنچانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے، انہوں نے کہاکہ ادارہ ترقیات حیدرآباد کے ڈائریکٹر جنرل اپنی تمام تر صلاحیتیں عوام کی خدمت کیلئے صرف کئے ہوئے ہیں۔