عیدالاضحیٰ پر جانوروں کی باقیات اور آلائشوں سے متعلق پاک فضائیہ نے اہم اپیل کردی

پرندوں کے ٹکرانے سے ناقابلِ تلافی جانی اور مالی نقصان ہوسکتا ہے، جانوروں کی باقیات اورآلائشیں متعین کردہ جگہوں پر پہنچائیں، ڈیوٹی پرمامورگاڑیاں وقت پرآلائشوں کو ٹھکانے لگائیں۔ ترجمان پاک فضائیہ

Sajid Ali ساجد علی پیر 19 جولائی 2021 13:11

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 19 جولائی 2021ء ) عیدالاضحیٰ پر جانوروں کی باقیات اور آلائشوں سے متعلق پاک فضائیہ نے اہم اپیل کردی۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان پاک فضائیہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ عوام عید پر جانوروں کی باقیات اور آلائشیں متعین کردہ جگہوں پر پہنچائیں اور ڈیوٹی پرمامورگاڑیاں وقت پرآلائشوں کواٹھاکر ٹھکانے لگائیں ، کیوں کہ غیرمتعین جگہوں پرآلائشوں سے پرندےجمع ہوتےہیں جوجہازوں کو نقصان پہنچاتے ہیں، پاکستان ائیر فورس کے فضا ئی اثاثوں اور ہوا بازوں کے تحفظ میں عوام کا تعاون ضروری ہے، کیوں کہ پرندوں کےٹکرانےسے ناقابلِ تلافی جانی اور مالی نقصان ہوسکتا ہے۔

دوسری جانب پاکستان انٹر نیشنل ائیر لائن نے عید کے موقع پر مسافروں کیلئے کراچی سے 20 اضافی پروازیں چلانے کا اعلان کردیا ہے ، پی آئی اے کے مطابق کراچی سے اسلام آباد کیلئے 14 اور لاہور کیلئے 6 اضافی پروازیں چلائی جائیں گی ، اس دوران بوئنگ777 طیارے استعمال ہوں گے۔

(جاری ہے)

پی آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر کراچی اسلام آباد کیلئے 14پروازیں چلائی جائیں گی، اسلام آباد کیلئے یومیہ4پروازیں آپریٹ ہوں گی جب کہ کراچی سے لاہور کیلئے 6 اضافی پروازیں آپریٹ کی جائیں گی، انتظامیہ نے مزید کہا کہ پی آئی اے کی دبئی سے پاکستان 10، دوحہ سے6، بحرین سے 2 پروازیں آپریٹ کی جائیں ‏گی ، خلیجی ممالک سے فلائٹ آپریشن 6 جولائی سے جاری ہے جو 18 جولائی تک مکمل کیا جائے گا۔

اسی طرح پاکستان ریلوے نے پردیسیوں کی سہولت کیلئے عیدالاضحیٰ کے موقع پر خصوصی ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کرلیا ہے، عیدالاضحیٰ پر دو خصوصی ٹرینیں چلائی جائیں گی، پہلی اسپیشل ٹرین 19 جولائی کو کراچی اور دوسری ٹرین24 جولائی کوراولپنڈی سے روانہ ہوگی ، ترجمان ریلوے کے مطابق پاکستان ریلوے نے عید الضحیٰ پر 2 خصوصی ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے ، دونوں اسپیشل ٹرینیں11 اکانومی کلاس کوچز پر مشتمل ہوں گی ، پہلی اسپیشل ٹرین 19 جولائی کو کراچی کینٹ اسٹیشن سے روانہ ہوگی، دوسری عید ٹرین راولپنڈی سے24 جولائی کو دن 11 بجے روانہ ہوگی۔