عیدالاضحی پر فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع میں جامع صفائی پلان پر موثرانداز میں عملدرآمد کیا جائیگا‘ضلعی انتظامیہ متحرک

پیر 19 جولائی 2021 14:15

�کوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2021ء) فیصل آباد میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات پر عیدالاضحی پر فیصل آباد ڈویڑن کے چاروں اضلاع میں جامع صفائی پلان پر موثرانداز میں عملدرآمد کیا جائے گا اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ،فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی،میٹرو پولیٹن کارپوریشن اور میونسپل کمیٹیز متحرک انداز میں فرائض انجام دیں گی تاکہ قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو مستعدی سے ٹھکانے لگا کر شہریوں کوتعفن سے پاک خوشگوار ماحول فراہم کیا جاسکے۔

یہ بات ڈویڑنل کمشنرثاقب منان نے اپنے دفتر کے کمیٹی روم میں میڈیا بریفنگ کے دوران بتائی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوآرڈینیشن عمران رضا عباسی،سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کاشف رضا اعوان،سینئر مینجر آپریشن کرنل عماد اقبال گل اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈویڑنل کمشنر نے میڈیا کے ہمیشہ سے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحی صفائی آپریشن کے حوالے سے ٹھوس اورموثر حکمت عملی وضع کی گئی ہے جس پر کامیاب عملدرآمد کے نتیجہ میں قربانی کے جانوروں کی باقیات کی صفائی کے حوالے سے شہریوں کو واضح فرق نظر آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ کڑے نظام کے تحت صفائی آپریشن کی مکمل مانیٹرنگ کی جائے گی اس سلسلے میں تمام انتظامی مشینری متحرک رہے گی۔انہوں نے کہا کہ تمام محکموں /اداروں پر واضح کردیا گیا ہے کہ عیدالاضحی پر معیاری صفائی میں سستی،لاپرواہی یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اس میں غفلت شعار اورفرائض سے پہلو تہی کرنے والے سٹاف کے خلاف ایکشن اوربہترین سروسز کے حامل ملازمین کی بھرپور حوصلہ افزائی کریں گے۔

ڈویڑنل کمشنر نے میڈیا کے توسط سے شہریوں سے اپیل کی کہ کورونا وبائ ابھی ختم نہیں ہوئی لہذا ایس اوپیز پر عملدرآمد اور ویکسین ضرور لگوائیں اس ضمن میں افواہوں پر کان نہ دھریں بلکہ صحت کے تحفظ کو ملحوظ خاطر رکھیں۔انہوں نے بتایا کہ کمشنر آفس میں بھی کنٹرول روم فنکشنل رہے گا جہاں فون نمبر 041.9201716فراہم کردیا گیا ہے۔اس موقع پر بتایا گیا کہ عیدالاضحی صفائی آپریشن تین مرحلوں پر مشتمل ہوگا جس کے مطابق عید سے قبل عید گاہوں کی صفائی ستھرائی اور عید کے ایام کے دوران قربانی کے جانوروں کی الائشوں کو اٹھا کر ٹھکانے لگایا اور عید کے بعد اجتماعی قربانی کے مقامات کے علاوہ شہر کی اہم سڑکوں کی دھلائی کی جائے گی تاکہ قربانی کے باعث پیدا شدہ ناخوشگوار ماحول کو صاف ستھرا بنایا جاسکے۔

سی ای او فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کاشف رضا اعوان نے بتایا کہ فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے ماحول دوست انداز میں جانوروں کی آلائشوں کی تلفی کیلئے جامع پلان تشکیل دیا ہے جس کے مطابق عید سے ایک دن قبل تمام ٹرانسفر سٹیشنز کو زیرو ویسٹ کیا جائے گا۔انہوں نے بتایاکہ عید الاضحی کا صفائی آپریشن پرائمری و سیکنڈری کولیکشن کے ساتھ عید کے تیسرے روز تک بلاتعطل جاری رہے گا۔

صفائی پلان کے مطابق جدید مشینری کے ساتھ ویسٹ ورکرز کی تعیناتی،اہم شاہروں و یونین کونسلوں میں 40آگاہی کیمپس کا قیام،15عارضی ویسٹ ٹرانسفر سٹیشنز،شہر کی بڑی مساجد اور عید گاہوں میں صفائی کے علاوہ ایک روز قبل اہم مقامات و مارکیٹوں میں زیرو ویسٹ آپریشن کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ عید الاضحی کے پہلے دو دنوں کیلئے 240پک اپس،79 لوڈر رکشے جبکہ عید کے تیسرے دن کیلئے 133 پک اپس کرائے پر حاصل کئے گئے ہیں۔

ہیوی مشینری میں 36ڈمپر،28آرم رولر،5ٹریکٹر ٹرالی،18ٹریکٹر لوڈر،10ٹریکٹر بلیڈ،2شاول جبکہ 5ایکسکویٹر اور 12 ڈمپر کرائے پر حاصل کئے گئے ہیں۔صفائی پلان کے تحت جانوروں کی آلائشوں کو موثر انداز میں ٹھکانے لگانے کیلئے 50ہزار بائیو ڈیگریڈایبل بیگز بھی تقسیم کئے جارہے ہیں۔یہ ویسٹ بیگز ایف ڈبلیو ایم سی کے آگاہی کیمپوں پر بھی دستیاب ہیں۔

عیدالاضحی کے تیسرے دن اجتماعی قربان گاہوں کی مکینیکل واشنگ بھی صفائی پلان کا حصہ ہیں۔آلائشوں کی ماحول دوست انداز میں تلفی کیلئے ڈمپ سائیٹ پر تین خندقیں کھودی گئی ہیں جہاں شہر بھر سے اکٹھی کی جانے والی آلائشیں دفن کی جائیں گی۔شہریوں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے شکایات کے اندراج اور فیڈ بیک کیلئے کنٹرول روم بھی قائم کیا جارہا ہیجس میں شہری ایف ڈبلیو ایم سی کی ہیلپ لائن 1139پر صبح 6بجے سے شام 7بجے تک شکایت درج کراسکیں گے یہ کنٹرول روم عید کے تیسرے دن تک فعال رہے گا۔

چیف ایگزیکٹیو آفیسرنے بتایا کہ عید الاضحی کے میگا ایونٹ کو کامیاب بنانے کیلئے تمام افسران و ماتحت عملہ کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔افسران کوفیلڈ میں رہنے اور موثر مانیٹرنگ کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔عید الاضحی پر صفائی کے بہترین نتائج حاصل کرنے کیلئے اراکین اسمبلی،ضلعی اداروں،علمائ و سول سوسائٹی کے ساتھ بھی عید پلان شیئر کیا جا رہا ہے۔

سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے مزیدبتایا کہ عید پر صفائی پلان کو ہر طرح سے جانچ پرکھ کر تیار کیا گیا ہے جس کے کامیاب اطلاق کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی لیکن اس میں حکومت کے عز م کے ساتھ ساتھ سول سوسائٹی اور شہریوں کاتعاون بھی ناگزیرہے،شہریوں سے بھی اپیل ہے کہ آلائشوں کو جگہ جگہ پھینکنے کی بجائے ایف ڈبلیو ایم سی کے عملہ کے حوالے کریں اور صفائی سے متعلق شکایات کے لئے ہیلپ لائین 1139پر رابطہ کریں۔انہوں نے اس عزم کو دہرایا کہ عیدالضحی پر شہر کو صاف ستھرا رکھنے کے سلسلے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔