انتخابات کے نتائج آزادکشمیر کی سیاست کا ایک نیا رخ متعین کریں گے‘محمد طاہر کھوکھر

پیر 19 جولائی 2021 14:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2021ء) جموں و کشمیر عوامی تحریک کے رہنما ، سابق وزیر حکومت، امیدوار اسمبلی حلقہ ایل ای34(جموں۔1)محمدطاہرکھوکھر نے آزادکشمیر انتخابات میں جماعت اسلامی کی جانب سے عوامی تحریک کی حمایت کو خو ش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے اقدام سے کشمیری عوام کی حوصلہ افزائی ہوئی اورآئندہ انتخابات میں اس کے نتائج آزادکشمیر کی سیاست کا ایک نیا رخ متعین کریں گے۔

اپنے ایک بیان میں طاہرکھوکھر نے کہا کہ نظام کی تبدیلی اور اسلامی فلاحی ریاست کا قیام ہر شہری کاخواب ہے اور وہ اس کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا لیکن روایتی سیاسی جماعتیں اور سیاستدان کرپشن، لوٹ کھسوٹ اور استحصال کے ایک نکاتی ایجنڈے پر اکٹھی ہیں اور سسٹم کو یرغمال بنا رکھا ہے دوسری جانب پاکستان عوامی تحریک او ر جماعت اسلامی جیسی مذہبی سیاسی جماعتیں ہیں جو نظام کی تبدیلی اوراسلامی فلاحی ریاست کے قیام کیلئے کوشاں ہیں ، دونوں جماعتوں نے خدمت کی ایک تاریخ رقم کی ہے اور عوام کا ہر مشکل وقت میں ساتھ دیا ہے ، آ ج ملک بھر کے عوام اور نظام کی تبدیلی کی خواہش رکھنے والے افراد دینی قوتوں کا اتحاد چاہتے ہیں تاکہ ملک میں نظام کی تبدیلی کی جدوجہد کو کامیابی سے ہمکنار کروایاجاسکے۔

(جاری ہے)

طاہرکھوکھر نے جماعت اسلامی کی قیادت کاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ جماعت کے ذمہ داران اور کارکنان لاہور ، سرگودھا، فیصل آباد، شیخوپورہ، چنیوٹ ، جھنگ، خانیوال اور دیگر اضلاع میں کشمیری ووٹرز میں شعور اجاگر کرنے میں اہم کردارادا کریںگے ۔ طاہرکھوکھر نے کہا کہ انشاء اللہ 25جولائی کو جموں۔1 سے نظام کی تبدیلی کی جدوجہد ایک نئے موڑ میں داخل ہو گی ۔