ڈاکٹر عاصم کے خلاف کرپشن ریفرنس، گواہ کا بیان ویڈیو لنک پر ہونے کے دوران رجسٹرار کے موجود نہ ہونے کی وجہ سے اعتراض منظور

احتساب عدالت نے وکیل کے اعتراض پر سماعت 4 اگست تک کیلئے ملتوی کردی،آئندہ سماعت پر گواہ اشفاق کا بیان قلمبند کیا جائے گا

پیر 19 جولائی 2021 15:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2021ء) احتساب عدالت نے سابق مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین اور دیگر کیخلاف کرپشن ریفرنس میں وکیل کی جانب سے گواہ کا بیان ویڈیو لنک پر ہونے کے دوران رجسٹرار کے موجود نہ ہونے کی وجہ سے اعتراض منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔ کراچی کی احتساب عدالت کے روبرو سابق مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین اور دیگر کیخلاف کرپشن ریفرنس کی سماعت ہوئی۔

ڈاکٹر عاصم حسین اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران گواہ اشفاق حسین ویڈیو لنک پر موجود تھے۔ وکیل عامر رضا نے گواہ سے سوال کیا آپ اس وقت کہاں موجود ہیں۔ گواہ نے جواب دیا کہ میں اس وقت رجسٹرار کے روم میں موجود ہوں۔ عامر نقوی نے موقف دیا کہ مجھے اس وقت یہ اعتراض ہے کہ رجسٹرار اس وقت کمرے میں نہیں ہے۔

(جاری ہے)

پراسیکیوٹر نیب نے موقف اپنایا کہ رجسٹرار صاحب آج چھٹی پر ہیں۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کمرہ میں صرف رجسٹرار اور آئی ٹی ہینڈلر کو ہونا چاہئے۔ عامر نقوی ایڈوکیٹ نے موقف دیا کہ میری یہ استدعا ہے کہ گواہی قانون کے مطابق ہو۔ نیب پراسیکیوٹر نے روم سے تمام غیر متعلقہ افراد کو باہر جانے کا کہہ دیا۔ وکیل صفائی نے موقف دیا کہ ہماری کوشش ہے کہ کیس کی پیروی شفاف طریقے سے ہو۔ عدالت نے گواہ سے استفسار کیا کہ کیا آپ اگست کے مہینے میں عدالت آسکتے ہیں۔ گواہ نے کہا کہ جی میں اگست کے مہینے میں عدالت آسکتا ہوں۔ عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ آپ جب یہاں آئیں گے تو ریٹرن ٹکٹس کنفرم نہیں کرکے آئیں گے۔ عدالت نے وکیل کے اعتراض پر سماعت 4 اگست تک کیلئے ملتوی کردی۔ آئندہ سماعت پر گواہ اشفاق کا بیان قلمبند کیا جائے گا۔