بھارتی وزیر خارجہ کے اعتراف کے بعد پاکستان فیٹف کے صدر سے رجوع کرنے پر غور کر رہا ہے،ترجمان دفتر خارجہ

پیر 19 جولائی 2021 15:55

اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2021ء) ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی وزیر خارجہ کے فیٹف پر سیاست کرنے کے اعتراف پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان،بھارت کی جانب سے عالمی منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی اعانت پر سیاست کرنے کے اعتراف کے بعد ، فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے صدر سے رجوع کرنے پر غور کر رہا ہے۔

پیر کو دفتر خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ بھارتی بیان سے نہ صرف اس کا اصل چہرہ بے نقاب ہوا ہے بلکہ ایف اے ٹی ایف میں بھارت کے منفی کردار کے بارے میں پاکستان کے دیرینہ موقف کی بھی تائید کرتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ عالمی برادری کو ایف اے ٹی ایف کی بطور سیاست کاری استعمال اور ہندوستان کی طرف سے اس کے عمل کو نقصان پہنچانے کے بارے میں اجاگر کرتا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ حالیہ بھارتی بیان تعصب پر مبنی کوششوں کا حصہ ہے جبکہ اپنے تنگ نظری پر مبنی سیاسی عزائم کی تکمیل کیلئے پاکستان کے خلاف ایک اہم تکنیکی فورم کو استعمال کرنے سے بھی باز نہیں آتا ۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان ماضی میں بین الاقوامی برادری کے سامنے بھارت کے متنازعہ کردار کو بے نقاب کرتا رہا ہے اور بھارت کے اس حالیہ اعتراف کو بھی ایف اے ٹی ایف اور وسیع تر بین الاقوامی برادری کے نوٹس میں بھی لے آئے گا۔\932