امراض قلب،ذیابیطس اور بلڈ پریشر کے مریض عید پر خصوصی احتیاط برتیں ‘پروفیسر طاہر صدیق

اس موسم میں بیکٹریا پھیلنے کا خدشہ ، فریزر بھرنے کی بجائے گوشت مستحق افراد میں تقسیم کریں‘ڈاکٹر محمد مقصود ، ڈاکٹر شاہد میو کورونا کے علاوہ یہ ڈینگی ، ٹائیفائیڈ اور گیسٹرو کا سیز ن بھی ، احتیاط اور اعتدال میں ہی حکمت ہے‘طبی ماہرین کی جنرل ہسپتال میں گفتگو

پیر 19 جولائی 2021 16:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2021ء) امراض قلب ،ذیابیطس ،بلڈ پریشر اور جوڑوں کے درد میں مبتلا افراد عید پرو خصوصی احتیاط برتیں،بسیار خوری اور تھوڑی سی لا پرواہی کے باعث نہ صرف اُن کے مرض میں اضافہ بلکہ خطرے کا باعث بھی بن سکتا ہے لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ گوشت کھاتے وقت اعتدال سے کام لیا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار پروفیسر آف میڈیسن لاہور جنرل ہسپتال ڈاکٹر طاہر صدیق ،اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد مقصود ، ڈاکٹر شاہد میو اور ڈاکٹر عبدالعزیز نے عید کے حوالے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ بد قسمتی سے کورونا کے علاوہ یہ ڈینگی ، ٹائیفائیڈ اور گیسٹرو کا سیز ن بھی ہے لہذا شہریوں کو دوہری احتیاط سے کام لینا چاہیے اور باربی کیو میں گوشت بھوننے اور زیادہ مصالحے کے استعمال سے گریز کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

اسی طرح گوشت کو ہلکی آنچ پر پکانا چاہیے اور اُس میں سبزی ڈال کر کھانا زیادہ مفید ثابت ہو سکتا ہے۔طبی ماہرین نے کہا کہ زیادہ تر افراد بڑی عید پر اوجڑی،کلیجی اور سری پائے کا بے دریغ استعمال کرتے ہیں جس سے کئی بیماریاں جنم لیتی ہیں ۔

ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ گوشت فریزر میں رکھنے کی بجائے مستحق افراد میں تقسیم کرنا چاہیے ،اس گرم مرطوب موسم میں بیکٹریا پھیلنے کا اندیشہ ہوتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جانور تندرست اور صحت مند خریدنا چاہیے اور اسے اسلامی طریقے سے ذبح کرنے اور گوشت کو مناسب وقت رکھنے کے بعد پکانا چاہیے۔ پروفیسر طاہر صدیق ،ڈاکٹر محمد مقصود ، ڈاکٹر شاہد میو اور ڈاکٹر عبدالعزیز کا مزید کہنا تھا کہ نظام انہضام اور جگر کے مرض میں مبتلا افراد کو گوشت خوری میں زیادہ اعتدال برتنا ہوگا ،دہی اور سلاد کا استعمال یقینی بنانا اور کولڈرنکس سے اجتناب کرنا بھی ضروری ہے جبکہ شوگر کے مرض میں مبتلا افراد میٹھی اشیاء سے دور رہیں اور عید کے موقع پر کم سے کم گوشت کھائیں تاکہ اُن کے معدے پر زیادہ بوجھ نہ پڑے ۔

طبی ماہرین نے کہا کہ شہری تھوڑی سی احتیاط کر کے عید کی خوشیاں ہسپتال کی بجائے اپنے عزیز و اقارب کے ساتھ گھروں میں منا سکتے ہیں ۔ ان طبی ماہرین کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی ڈیلٹا وائرس انتہائی مہلک ہے ،عید پر ایک دوسرے سے گلے ملنے کی بجائے ویڈیو کال کرکے مبارکباد کے پیغاما ت اور خیریت دریافت کریں ۔انہوں نے واضح کیا کہ موسم کی شدت اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے فریزر میں رکھا گیا گوشت خراب ہو سکتا ہے جسے کھانے سے انسانی جسم میں قوت مدافعت کم ہو سکتی ہے اور طاقت ملنے کی بجائے بیماریاں گلے پڑ سکتی ہیں لہذا ہم سب کو زیادہ سے زیادہ احتیاط سے کام لینا ہوگا ۔