حکومت سندھ اور غیر ملکی کمپنیوں کے درمیان کراچی کے دو اضلاع میں معاہدے پر دستخط

معاہدے کے تحت چینی فرم کچرے سے 40 میگاواٹ بجلی کا پلانٹ لگائے گی اور کراچی میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے تحت ایک اور مشینری پلانٹ بھی قائم کرے گی

پیر 19 جولائی 2021 23:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2021ء) حکومت سندھ نے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ (ایس ایس ڈبلیو ایم بی)کے تحت اگست کے دوسرے ہفتے سے کورنگی اور سنٹرل اضلاع سے 3500 ٹن کچرا اٹھانے اورانہیں ٹھکانے لگانے کے لئے چینی اور ہسپانوی فرموں کے ساتھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ آپریشن کے دو الگ الگ معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔معاہدے کے تحت چینی فرم کچرے سے 40 میگاواٹ بجلی کا پلانٹ لگائے گی اور کراچی میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے تحت ایک اور مشینری پلانٹ بھی قائم کرے گی۔

یہ بات پیر کے روز وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت چینی کمپنی میسرز گنسو اور ہسپانوی فرم میسرز اربسر کے عہدیداروں کے ساتھ وزیراعلی ہائوس میں ایک مشترکہ منعقدہ اجلاس میں سامنے آئی ، جہاں ایک آپریشن معاہدے پر بھی دستخط کیے گئے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وزیر بلدیات ناصر شاہ ، مشیر قانون مرتضی وہاب ، چین کے قونصل جنرل مسٹر لی بیجیان ، کمشنر کراچی نوید شیخ ، ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی لئیق احمد ، اسپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ خالد چاچڑ ، سی ای او ہسپانوی فرم اربسر جمائم مارٹن ، چینی فرم گنسو کیسی ای او مسٹر لیو ڈونگوی ، سی ای او گنسو پاکستان مسٹر لیو تا ، ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ زبیر چنہ اور دیگر متعلقہ افراد نے شرکت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلع کورنگی کے لئے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ آپریشن ایک چینی فرم گنسو کو تفویض کیا گیا ہے۔ ضلع کورنگی میں روزانہ 1920 ٹن کوڑا کرکٹ پیدا ہوتا ہے۔ چینی فرم 2000 سینیٹری ورکرز کو تعینات کرے گی اور ضلع میں 500 سینیٹری مشینری کو موبیلائز کرے گی تاکہ کچرا کو لینڈ فل سائٹس پر جمع اور پھینکاجا سکے۔کورنگی انڈسٹریل ایریا کے پاس علاقے کی صفائی کے لیے ایک خاص میکنزم ہوگا ۔

کمپنی ضلع میں ایک شکایتی سیل کا قیام عمل میں لائے گی جہاں عوامی شکایات کو موصول کرکے ان کا تصفیہ کیا جائے گا۔40 میگاواٹ پاور پلانٹ: چینی کمپنی بجلی پیدا کرنے کے لئے لینڈ فل سائٹ پر 40 میگاواٹ کا کچرے سے توانائی پیدا کرنے کا پاور پلانٹ بھی لگائے گی۔ اس مقصد کے لئے کمپنی کو ایک الگ کنٹریکٹ بھی دیا جائے گا۔ وزیر اعلی سندھ نے کچرے سے توانائی کے منصوبے کی تنصیب کو ایک تاریخی کامیابی قرار دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ تھر کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کا سہرا سندھ حکومت کی سب سے بڑی کامیابی ہے اور اب یہ ایک اور نمایاں کامیابی حاصل کرنے جارہے ہیں۔ چینی کمپنی ، گنسو ہیوی انڈسٹری ، گنسو پاکستان کی مادر تنظیم نے انڈسٹریل پلانٹ کے قیام کا بھی اعلان کیا جو ویسٹ مینجمنٹ سے متعلقہ مشینری فراہم کرے گا جیسے ٹرالیز ، ڈسٹ بِنز ، گاربیج بائنڈنگ سسٹم اور اس طرح کی دیگرمشینیں مہیا کرے گا۔

سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ (ایس ایس ڈبلیو ایم بی)نے ضلع وسطی کے لئے ہسپانوی فرم میسرز اربسر کے ساتھ سالڈ ویسٹ آپریشنل معاہدے پر دستخط کیے۔ یہ پہلی کمپنی ہے جو یورپی ممالک میں سالڈ ویسٹ کے انتظام کو چلا رہی ہے۔ڈسٹرکٹ سینٹرل روزانہ 1920 ٹن کچرا پیدا کرتا ہے۔ یہ فرم کچرا جمع کرنے اور اسے لینڈ فل سائٹ پر پھینکنے کی ذمہ دار ہوگی۔ اس سے ضلع میں 2000 سے زیادہ سینیٹری ورکرز اور 500 سینیٹری مشینری کارکن تعینات ہوں گے۔

چونکہ وسطی ضلع گنجان آباد ہے لہذا ہسپانوی کمپنی کوڑا کرکٹ جمع کرنے کے لئے خصوصی مشینری استعمال کرے گی۔وزیر بلدیات ناصر شاہ نے اس موقع پربات کرتے ہوئے کہا کہ کورنگی اور وسطی اضلاع کے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ آپریشن کو چینی اور ہسپانوی فرموں کے حوالے کرنے سے ایک طرح سے پورے شہر کا احاطہ ہوتا ہے۔ناصر شاہ نے کہا کہ ایس ایس ڈبلیو ایم بی کو 2014 میں ایک اسمبلی ایکٹ کے ذریعے تشکیل دیا گیا تھا۔

بورڈ نے اپنے میونسپل آپریشن کو ضلع جنوبی اور شرقی میں 2016 میں شروع کیا تھا ۔ضلع غربی اور اس کے حصے ، کیماڑی کو آٹ سورس 2017 میں کیا گیا تھا۔ تب سے ایس ایس ڈبلیو ایم بی سات اضلاع میں سے صرف پانچ میں فعال تھا ۔ انہوں نے کہا کہ اب مزید دو اضلاع کے شامل ہونے کے ساتھ پورے شہر کااحاطہ کرلیا گیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کورنگی اور وسطی اضلاع میں کام کا آغاز اگست 2021 کے دوسرے ہفتے میں ہوگا۔

اس موقع پر وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ گڈگورننس خدمت کی فراہمی کو موثر بنانے اور موثر انداز میں پیش کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی وجہ سے ان کی حکومت نچلی سطح پر خدمات کی فراہمی میں بہتری لانے کی پالیسیاں نافذ کررہی ہے جن میں زیادہ تر فوڈ سیکورٹی ، پینے کے پانی ، تعلیم ، صحت کی دیکھ بھال کی خدمات ، رہائش اور شہری سہولیات کی فراہمی شامل ہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ ان کی حکومت تمام تر سہولیات کی فراہمی ، سندھ کو پرامن اور محفوظ بنانے ، صحت مند اور خواندہ بنانے کے واضح اہداف کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پانی اور صفائی ستھرائی پاکستان کے بین الاقوامی انسانی حقوق کے وعدوں اور پائیدار ترقیاتی اہداف(ایس ڈی جی)کے اہداف کا ایک اہم حصہ ہے اور اسی وجہ سے یہ حکومت سندھ کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت نے شہر میں امن کی دوبارہ بحال کرکے کراچی کو ایک محفوظ شہر بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب کوویڈ 19 کی وبا کے باعث ہماری بنیادی توجہ عوامی خدمات کی فراہمی کے معیار کو بالخصوص صحت اور صفائی ستھرائی جیسی ضروری سہولیات کی فراہمی پر ہے۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ معروف اور اچھی ساکھ کی حامل بین الاقوامی فرموں کی کراچی میں کام کرنا اس بات کا مظہر ہے کہ سندھ حکومت خدمات کی فراہمی اور اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہے ۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے کے دیگر علاقوں میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے کاموں میں توسیع کے لئے بھی یہی نقطہ نظر اپنایا جائے گا۔اجلاس کے اختتام پر ایم ڈی ایس ایس ڈبلیو ایم بی نے بین الاقوامی فرمز کیڈی ایم سی کورنگی اور ڈی ایم سی وسطی کی انتظامیہ کے ساتھ آپریشنل معاہدے پر دستخط کیے۔وزیراعلی سندھ نے ایس ایس ڈبلیو ایم بی کی جانب سے کراچی شہر کو صاف ستھرا بنانے کے لئے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا ۔