دشمن قوتیں سی پیک کے اسٹریٹجک تعاون کیلئے خطرہ ہیں، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ

یہ دشمن قوتیں ہمارے عزم کو چیلنج کررہی ہیں،ہمیں دشمنوں کیخلاف مضبوط رہنے کی ضرورت ہے،چینی باشندوں کی سکیورٹی مزید سخت کریں گے،آرمی چیف سے چینی سفیر کی ملاقات،داسو بس واقعے پر چینی حکومت، متاثرہ خاندانوں اور عوام سے اظہار تعزیت

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 19 جولائی 2021 19:59

دشمن قوتیں سی پیک کے اسٹریٹجک تعاون کیلئے خطرہ ہیں، آرمی چیف جنرل قمر ..
راولپنڈی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 جولائی2021ء) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دشمن قوتیں سی پیک کے اسٹریٹجک تعاون کیلئے خطرہ ہیں، یہ دشمن قوتیں ہمارے عزم کو چیلنج کررہی ہیں، ہمیں تمام دشمن قوتوں کے عزائم ناکام بنانے کیلئے مضبوط رہنے کی ضرورت ہے، انہوں نے چینی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کام کرنے والے چینی باشندوں کی سکیورٹی مزید سخت کریں گے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ اور چین کے سفیر نونگ رونگ کے درمیان ملاقات ہوئی، ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، داسو بس واقعے اورباہمی دلچسپی کے امورپر بات چیت کی گئی۔ آرمی چیف نے داسو بس واقعے کے تناظر میں چین کی حکومت اور عوام سے اظہار تعزیت کیا، آرمی چیف نے بالخصوص سوگوار خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک آزمودہ دوست کے ساتھ برادرانہ تعلقات کوبہت اہمیت دیتی ہے، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان میں کام کرنے والے چینی باشندوں کی سکیورٹی کا یقین دلایا۔

(جاری ہے)

آرمی چیف نے کہا کہ ہم امن کیلئے کام کرتے ہیں، ہمیں تمام دشمن قوتوں کے عزائم ناکام بنانے کیلئے مضبوط رہنے کی ضرورت ہے، بالخصوص وہ دشمن قوتیں جو سی پیک کے لیے اسٹریٹجک تعاون کیلئے خطرہ ہیں۔آرمی چیف نے کہا کہ یہ دشمن قوتیں ہمارے عزم کو چیلنج کررہی ہیں۔