بلدیاتی اداروں کے ایڈمنسٹریٹرز کے ذریعے دکانوں کی نیلامی کیخلاف درخواستوں پر سماعت 28جولائی تک ملتوی

پنجاب حکومت کو جواب جمع کرانے کی مہلت،بلدیاتی اداروں کی دکانوں کی نیلامی روکنے کے حکم میں توسیع کردی گئی

پیر 19 جولائی 2021 23:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2021ء) لاہور ہائیکورٹ نے بلدیاتی اداروں کے ایڈمنسٹریٹرز کے ذریعے دکانوں کی نیلامی کیخلاف درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے پنجاب حکومت کو جواب جمع کرانے کیلئے 28 جولائی تک کی مہلت دیدی جبکہ عدالت نے فیصل آباد سمیت دیگر بلدیاتی اداروں کی دکانوں کی نیلامی روکنے کے حکم میں توسیع کردی۔لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک نے میئر فیصل آباد محمد رزاق ملک سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی۔

چیف سیکرٹری جواد رفیق ملک اور سیکرٹری بلدیات نورالامین مینگل عدالت پیش ہوئے۔ چیف سیکرٹری کی جانب سے ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ بلدیاتی اداروں کی بحالی کے متعلق کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں یہ معاملہ بھی ان کے پاس بھیج دیں۔

(جاری ہے)

جس پر جسٹس عائشہ اے ملک نے ریمارکس دئیے کہ یہ معاملہ کمیٹیوں کے پاس کیوں بھیجیں، آپ اس حوالے سے آئندہ سماعت پر عدالت میں جواب دیں۔

درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے تحت صرف منتخب نمائندے ہی ٹینڈر جاری کرنے کے مجاز ہیں، سپریم کورٹ بلدیاتی نمائندوں کو بحال کرچکی ہے جس کے بعد ایڈمنسٹریٹرز ترقیاتی کاموں کیلئے ٹینڈر جاری نہیں کرسکتے۔ استدعا ہے کہ عدالت ایڈمنسٹریٹرز کے ذریعے ترقیاتی کام کروانے کا اقدام کالعدم قرار دے۔مزید استدعا کی گئی کہ عدالت درخواست کے حتمی فیصلے تک جاری کیے گئے ٹینڈرز پر عمل درآمد روکنے کا حکم دے۔