مسلم لیگ (ن) کاعید الاضحی کے بعدحکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ

شہباز شریف کی پارٹی کے سینئر رہنمائوں سے مشاورت جاری ،حکومتی ناکامیوں اور مہنگائی کے مسئلے کو اجاگر کرنے پر اتفاق

پیر 19 جولائی 2021 23:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2021ء) مسلم لیگ (ن) نے عید الاضحی کے بعدحکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کر لیا ،مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف کی پارٹی کے سینئر رہنمائوں سے مشاورت جاری ہے جس میںحکومتی ناکامیوں اورخصوصاً مہنگائی کے مسئلے کو اجاگر کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے دیگر اپوزیشن سے رابطوں کے لیے لیگی رہنمائوں کو ٹاسک سونپ دیا۔

(جاری ہے)

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے شہباز شریف خود رابطہ کریں گے۔بلوچستان کی اپوزیشن جماعتوں سے شاہد خاقان عباسی اور خواجہ آصف رابطہ کریں گے۔ سندھ کی قوم پرست جماعتوں سے مفتاح اسماعیل،سعد رفیق اور ایاز صادق رابطہ کریں گے۔ خیبر پختوانخواہ کی اپوزیشن جماعتوں سے انجینئر امیر مقام،جاوید عباسی اور عباس آفریدی رابطہ قائم کریں گے۔مسلم لیگ (ن)پارٹی سطح پر بھی حکومت کے خلاف احتجاج کرے گی جبکہ بڑے شہروں کے ساتھ ساتھ ضلع کی سطح پر بھی احتجاج کیا جائے گا۔