کیپٹل مارکیٹس رسک کو کم کرنے اور اہم شعبوں کو سرمائے کی فراہمی کیلئے اہم کردار ادا کر سکتی ہیں ، وزیر خزانہ

اصلاحات اس وقت متعارف کروائی جائیں گی جب تمام شرکت داروں ان پر متفق ہو جائیں گے ، شوکت ترین کا اجلاس سے خطاب

پیر 19 جولائی 2021 23:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2021ء) وفاقی زیر خزانہ شوکت ترین نے کہاہے کہ کیپٹل مارکیٹس رسک کو کم کرنے اور اہم شعبوں کو سرمائے کی فراہمی کیلئے اہم کردار ادا کر سکتی ہیں ۔ پیر کو یہاں وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت کیپٹل مارکیٹ ایڈوائزری کونسل کا اجلاس ہوا جس میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود، گورنر اسٹیٹ بینک، چیئرمین سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن ، سیکریٹری خزانہ، چیئرمین حبیب بینک لمیٹڈ اور دیگر حکام نے شرکت کی ،کونسل کو پہلے اجلاس میں کیپٹل مارکیٹ میں اصلاحات کے اغراض و مقاصد پر بریفنگ دی گئی۔

وزیرخزانہ نے کہاکہ کونسل کے قیام کا مقصد ملک کی اقتصادی ترقی کو پائیدار بنانا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ کیپٹل مارکیٹس رسک کو کم کرنے اور اہم شعبوں کو سرمائے کی فراہمی کیلئے اہم کردار ادا کر سکتی ہیں ، ہماری کوشش ہے کہ کم سرمائے والے سرمایہ کاروں کو کیپٹل مارکیٹ میں شریک کرنا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ اصلاحات اس وقت متعارف کروائی جائیں گی جب تمام شرکت داروں ان پر متفق ہو جائیں گے ۔

وزیر خزانہ نے کونسل کی ٹی او آرز کیلئے رابطہ کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت دی ، انہوںنے کہاکہ رابطہ کمیٹی میں مرکزی بینک، ایس ای سی پی، پاکستان بینکنگ کونسل ، کمرشل مارکیٹس، قانونی ماہرین اور اسلامی بینکاری کے ماہرین کو شریک کیا جائے ،رابطہ کمیٹی نے سکریٹریٹ ایس ای سی پی میں قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا چیئرمین ایس ای سی پی رابطہ کمیٹی کے سیکریٹری کا بھی کردار ادا کریں گے،رابطہ کمیٹی کے اجلاس ماہوار ہوں گے اور وہ اپنی سفارشات کو منظوری کیلئے کونسل کو بھجوائیں گے ۔