اسپتالوں میں جگہ کم پڑگئی، طبی ماہرین کا کراچی میں ہیلتھ ایمرجنسی کا مطالبہ

یلٹا ویرینٹ کے باعث بڑے سرکاری اور غیر سرکاری اسپتالوں میں جگہ ختم ہونے لگی

Sajjad Qadir سجاد قادر منگل 20 جولائی 2021 06:55

اسپتالوں میں جگہ کم پڑگئی، طبی ماہرین کا کراچی میں ہیلتھ ایمرجنسی کا ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - 20 جولائی2021ء) شہر قائد میں کورونا کے ڈیلٹا ویرینٹ کے باعث بڑے سرکاری اور غیر سرکاری اسپتالوں میں جگہ ختم ہونے لگی جس کے باعث طبی ماہرین نے شہر میں ہیلتھ ایمرجنسی کا مطالبہ کردیا۔حکام کا کہنا ہیکہ کراچی کے سرکاری اسپتالوں میں مریض بچوں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے، نیپا کا انفیکشنز ڈیزز اسپتال مکمل طور پر بھر چکا ہے جب کہ ایکسپو سینٹر کراچی میں مزید مریضوں کے داخلے کی گنجائش نہیں، آغا خان اسپتال نے کورونا کے مزید مریضوں کو لینے سے منع کردیا ہے۔

حکام کے مطابق سول اسپتال کراچی میں 48 بیڈ کے سرجیکل وارڈ کو کورونا وارڈ میں بدلا جارہا ہے اور جناح اسپتال کراچی کے چیسٹ وارڈ کو بھی کورونا وارڈ میں بدلنے کی تیاریاں شروع کی جاچکی ہیں جب کہ لیاری جنرل اسپتال میں ڈیلٹا وائرس سے متاثر بچوں کی آمد شروع ہوگئی ہے جس کے باعث اسپتال کے کووڈ وارڈ میں بیڈز بڑھائے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

حکام کا بتانا ہیکہ کراچی میں ڈیلٹا ویرینٹ کی شرح 92 فیصد سے بڑھ چکی ہے جس سے ڈاکٹروں اور طبی عملے میں بھی کورونا وائرس انفیکشن کی شرح بڑھ رہی ہے، ڈیلٹا ویرینٹ کے باعث بڑے سرکاری اور غیر سرکاری اسپتالوں میں جگہ ختم ہونے لگی ہے۔

انڈس اسپتال کے پروفیسر عبدالباری کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی صورتحال بے قابو ہو چکی ہے، اسپتال کا کورونا وارڈ اور ایمرجنسی مریضوں سے بھرگئے ہیں، عوام سے ایس او پیز پر عمل کرنے اور ویکسین لگوانے کی درخواست ہے۔یاد رہے کہ این سی او سی نے بھارتی ویرینٹ کورونا کے کیسز پاکستان میں بڑے پیمانے پر بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔این سی او سی کے مطابق عید پر سخت لاک ڈائون بھی لگایا جا سکتاہے کیونکہ کوروناکی چوتھی لہر نہایت خطرناک ہے اور پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد میں حیران کن طور پر اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔