”عید الاضحی کا یہ موقع ملت اسلامیہ اور سعودی عوام کے لیے خیر، صحت اور برکت کاباعث ہو“

خادم حرمین شریفین سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مسلم اُمہ کو عید الاضحی کی مبارک باد کا پیغام جاری کر دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 20 جولائی 2021 11:03

”عید الاضحی کا یہ موقع ملت اسلامیہ اور سعودی عوام کے لیے خیر، صحت اور ..
الریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20جولائی2021ء ) آج خلیجی ممالک سمیت دُنیا کے سینکڑوں ممالک میں عید الاضحٰی بھرپور مذہبی جوش و خروش سے منائی جا رہی ہے۔ یہ اسلامی تہوار ابوالانبیاء حضرت ابراہیم کی اللہ کی راہ میں عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے۔ اس رسم کو تازہ کرنے کی خاطر عید الاضحٰی پر ہر سال دُنیا بھر میں کروڑوں جانور ذبح کیے جاتے ہیں اور ان کا گوشت رشتہ داروں، دوست احباب اور مساکین میں بانٹا جاتا ہے۔

خادم حرمین شریفین سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے بھی اُمت مسلمہ کو عید الاضحی پر مبارک باد کا پیغام جاری کر دیا ہے۔ انہوں نے اپنے خصوصی پیغام میں سعودی عوام اور دُنیا کے تمام مسلمانوں کو عید مبارک کہتے ہوئے رب سے دعا کی ہے کہ عید کا یہ موقع ملت اسلامیہ اور سعودی عوام کے لیے خیر، صحت اور برکت کا باعث بنے۔

(جاری ہے)

تمام حجاج اپنے مناسک کی ادائیگی خیر خیریت سے کرنے کے بعد اپنے گھر والوں میں لوٹ جائیں۔

اپنے پیغام میں انہوں نے مزید کہا کہ مملکت کی لگاتار کوششوں سے مختلف شعبوں میں کورونا وائرس کے منفی اثرات میں خاطر خواہ کمی ہوئی ہے۔ مملکت میں اب تک 2 کروڑ 20 لاکھ مقامی اور تارکین افراد کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگا کر اس موذی مرض کے خلاف قوت مدافعت کو بڑھایا گیا ہے۔ اتنے بڑے پیمانے پر ویکسی نیشن کی بدولت ہی کورونا وبا کے خلاف کامیابی حاصل ہونے سے لوگوں کو حج کے مناسک ادا کروانے میں بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میری مناسک حج ادا کرنے والے عازمین کو یہ خاص ہدایت ہے کہ وہ حج کی ادائیگی کے دوران کورونا سے متعلق احتیاطی تدابیر کو ہرگز نظرانداز نہ کریں۔ سعودی حکومت کی تیار کردہ ایپس سے مستفید ہو کر ہی کورونا وبا کے دوران 1 کروڑ 70 لاکھ سے زائد افراد مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں عمرہ اور نمازوں کی ادائیگی کے قابل ہوئے ۔ اس کے پیچھے بے پناہ کوششیں تھیں۔