کشمیریوں کا جوش شیر کی فتح کی نوید ہے،شہباز شریف

آزاد کشمیر کا الیکشن باشعور کشمیریوں کے نوازشریف کی قیادت پر اعتماد کا تاریخی فیصلہ ہو گا،اپوزیشن لیڈر

منگل 20 جولائی 2021 15:14

کشمیریوں کا جوش شیر کی فتح کی نوید ہے،شہباز شریف
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2021ء) پاکستان مسلم لیگ (ن )کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ کشمیریوں کا جوش شیر کی فتح کی نوید ہے،آزاد کشمیر کا الیکشن باشعور کشمیریوں کے نوازشریف کی قیادت پر اعتماد کا تاریخی فیصلہ ہو گا۔اپنے بیان میں مسلم لیگ (ن )کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف نے کہاکہ آزاد کشمیر کے عوام کیلئے تعمیر، ترقی، خوش حالی کے ایک نئے دور کا آغاز کریں گے۔

میاں شہباز شریف نے کہا کہ آزاد کشمیر میں موٹر ویز، تعلیم، صحت اور عوام کی ترقی کے مثالی منصوبے لائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ کے کرم سے مسلم لیگ نون کے ساتھ کشمیر کے عوام نے تاریخی محبت کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف نے کہا کہ کامیاب الیکشن مہم پر تمام رہنمائوں، کارکنان اور عوام کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام باشعور اور اہلِ بصیرت ہیں، جو اپنے ووٹ کی طاقت سے اپنے حقوق کی حفاظت کریں گے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان کے عوام کو مایوس اور مجبور کرنے والے آزاد کشمیر کے عوام کو کچھ نہیں دے سکتے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ جیسے پنجاب سمیت پورے ملک کو ترقی دی، اسی طرح آزاد کشمیر کے عوام کو بھی ان کا حصہ دیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام کا ولولہ، کارکنان کا جذبہ اور ووٹرز کا جوش شیر کی فتح کی نوید ہے۔انہوں نے کہا کہ بڑے پیمانے پر مسلم لیگ نون کے جلسوں میں شرکت پر عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔صدر نون لیگ نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام الیکشن ڈے پر گھروں سے نکلیں اور شیر پر مہر لگائیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری 3 سال میں پاکستان اور 8 سال میں خیبر پختون خوا کے عوام کو ستانے والوں کو چلتا کریں۔قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نے یہ بھی کہاکہ شیر کو ووٹ دینے کا مطلب، مقبوضہ کشمیر اور آپ کے حقوق کا یقینی تحفظ اور ترقی کی ضمانت ہے۔