افغان سفیر کی بیٹی کے ساتھ کسی ٹیکسی میں کوئی لڑائی جھگڑا نہیں ہوا،حکومت پاکستان کیس سے پیچھے نہیں ہٹے گی، وزیر داخلہ

افغان بیٹی کی درخواست اور ہماری تفتیش میں زمین آسمان کا فرق ہے ، کسی ٹیکسی میں کوئی آدمی نہیں بیٹھا ،یہ اغوا کا کیس نہیں، شیخ رشید احمد کی میڈیا سے گفتگو

منگل 20 جولائی 2021 15:17

افغان سفیر کی بیٹی کے ساتھ کسی ٹیکسی میں کوئی لڑائی جھگڑا نہیں ہوا،حکومت ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2021ء) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ افغان سفیر کی بیٹی کے ساتھ کسی ٹیکسی میں کوئی لڑائی جھگڑا نہیں ہوا،حکومت پاکستان کیس سے پیچھے نہیں ہٹے گی، افغان بیٹی کی درخواست اور ہماری تفتیش میں زمین آسمان کا فرق ہے ، کسی ٹیکسی میں کوئی آدمی نہیں بیٹھا ،یہ اغوا کا کیس نہیں ، افغان سفیر کی بیٹی کی نقل و حرکت کی تمام فوٹیج دفتر خارجہ کو دے دی ہے،دفتر خارجہ چاہئے تو فوٹیج کو سفیروں اور میڈیا کو دے سکتا ہے ،سرحد پر فوج اور پیچھے سول ادارے تعینات ہیں ،داسو ڈیم والے معاملہ کی تفتیش مکمل کر لی،چینی ہمارے کام سے مطمئن ہیں،پاکستان اور چین کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے،عمران خان کی قیادت میں ملک آگے بڑھے گا، بحرانوں سے نکلے گا، آزاد کشمیر میں بلے کی حکومت بنے گی۔

(جاری ہے)

منگل کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ہم نے اسلام آباد اور راولپنڈی کی 700 سے زائد گھنٹے کی فوٹیج دیکھی، 200 سے زیادہ ٹیکسیوں کی جانچ پڑتال کرنے کے بعد ان چار ٹیکسیوں اور ان کے مالکان تک پہنچے ہیں تاہم ہمیں افسوس ہے کہ ہے ہماری اتنی کوشش کے باوجود وہ خود یہاں سے چلی گئی ہیں البتہ ہم نے مقدمہ کیا ہے اور ریاست پاکستان یہ مقدمہ لڑے گی۔

شیخ رشید نے کہا کہ حکومت پاکستان اس کیس سے پیچھے نہیں ہٹے گی حالانکہ ان کی درخواست اور ہماری تفتیش میں زمین آسمان کا فرق ہے، کسی ٹیکسی میں کوئی آدمی نہیں بیٹھا اور ہماری تفتیش کیمطابق یہ اغوا کا کیس نہیں ہے۔انہوںنے کہاکہ سفیر کی بیٹی کی نقل و حرکت کی تمام فوٹیج دفتر خارجہ کو دے دی ہے،دفتر خارجہ چاہئے تو اس فوٹیج کو سفیروں اور میڈیا کو دے سکتا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ افغان سفیر کی بیٹی نے فون دیا لیکن تمام ڈیٹا ڈیلیٹ کرکے دیا ۔ انہوںنے کہاکہ ڈپلومیٹک انکلیو کو خاص سیکورٹی زون بنانے جارہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ ہم نے افغان سفیر کی بیٹی کے واقعے کی تحقیقات مکمل کرلی ہیں ،ہم افغان سفیر کی بیٹی کے تحقیقات میں شامل ہونے کے منتظر ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ بارڈر مینجمنٹ محفوظ ہے نوے فیصد باڑ لگ چکی ہے،سرحد پر فوج اور پیچھے سول ادارے تعینات ہیں ،افغانستان کا مسئلہ افغانستان جانے ہم اپنی حفاظت کریں گے ۔

انہوںنے کہاک ہاسرائیل، بھارت ہمارے ملک میں دستانے پہنے ہوئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ملک پر غیر اعلانیہ ہائبرڈ جنگ شروع ہے ،ہائی برڈ جنگ آنے والے دنوں میں مزید تیز ہوگی۔ انہوںنے کہاکہ بھارت اور اسرائیل ابھرتا ہوا عمران خان دیکھنا نہیں چاہتی۔ انہوںنے کہاکہ داسو ڈیم والے معاملہ کی تفتیش مکمل کر لی.چینی ہمارے کام سے مطمئن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چاہتے ہیں کہ افغان سفیر خود تحقیقات کا حصہ بنیں، ہم نے افغان سفیر کی بیٹی کے واقعے کی ایف آئی آر خود درج کی، بیٹیاں سب کی برابر ہوتی ہیں۔

وزیرِ داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ مناسب ہوتا کہ افغان سفیر نہ جاتے، افغان سفیر کی بیٹی کا معاملہ پاکستان میں افغان امن کانفرنس سے چند دن قبل ہوا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، داسو واقعہ اسی سازش کی کڑی ہے کہ چین اور پاکستان کی درمیان غلط فہمی پیدا ہو۔وفاقی وزیرِ داخلہ نے کہا کہ عمران خان نے کشمیر کیلئے پوری دنیا میں اسٹینڈ لیا، ان کی قیادت میں یہ ملک آگے بڑھے گا، بحرانوں سے نکلے گا، آزاد کشمیر میں بلے کی حکومت بنے گی۔

شیخ رشید نے کہا کہ طالبان کے بارے میں فارن آفس بہتر بیان دے سکتا ہے، افغان بارڈر پر 90 فیصد فینسنگ ہو چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کا معاملہ افغانوں کا ہے، اپنا مسئلہ وہ خود حل کریں، افغانستان کا اندرونی مسئلہ افغانستان کے لوگ جانیں۔وفاقی وزیرِ داخلہ نے پریس کانفرنس میں یہ بھی بتایا ہے کہ جعلی شناختی کارڈ کے معاملے پر 19 لوگوں کو شوکاز نوٹس دیا، 7 کو گرفتار کیا۔