فاسٹ بائولر حسن علی فٹ قرار ، آج کا میچ کھیلنے کا امکان

پیسر پچھلے 2 ٹی ٹونٹی میچز میں شرکت نہیں کرسکے تھے

منگل 20 جولائی 2021 15:33

فاسٹ بائولر حسن علی فٹ قرار ، آج کا میچ کھیلنے کا امکان
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 20 جولائی 2021ء ) انگلینڈ کے خلاف فیصلہ کن ٹی ٹونٹی میچ سے قبل قومی ٹیم کو بڑی خوشخبری مل گئی ،فاسٹ بائولر حسن علی آج کے میچ کے لیے دستیاب ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کےمیڈیکل پینل نے فاسٹ بولرحسن علی کو فٹ قرار دے دیا ہے، ڈاکٹرز کی جانب سے گرین سنگل ملنے کے بعد حسن علی آج کے اہم ترین میچ میں فائنل الیون کا حصہ ہونگے۔

حسن علی نے انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے آغاز سے قبل حسن علی بائیں ٹانگ میں کھچاؤ محسوس کیا تھا، جس پر پی سی بی کی میڈیکل ٹیم نے ممکنہ انجری کے بچاؤ کے لئے انہیں آرام کا مشورہ دیا تھا، جس کے باعث وہ انگلینڈ کے خلاف 2 ٹی ٹونٹی میچز نہیں کھیل سکے تھے۔ یاد رہے کہ انگلینڈ کے خلاف دوسرے ایک روزہ میچ میں فاسٹ بولر حسن علی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب انگلینڈ کے خلاف فیصلہ کن معرکے میں قومی ٹیم کا کمبی نیشن مضبوط بنانے کی غرض سے جارح مزاج بلے باز شرجیل خان کو ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، شرجیل خان اعظم خان کی جگہ ٹیم میں شامل ہونگے اور محمد رضوان کے ساتھ اوپننگ کرینگے۔ واضح رہے کہ پاکستان انگلینڈ کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کا فیصلہ کن معرکہ آج ہوگا، میچ رات ساڑھے 10 بجےشروع ہوگا، 3 میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے۔