چین کے وسطی صوبے ہینان میں موسلا دھار بارش ،ڈیڑھ لاکھ افراد متاثر ، 9،222 ہیکٹر رقبہ پر کھڑی فصلوں کا نقصان

منگل 20 جولائی 2021 16:31

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2021ء) چین کے وسطی صوبے ہینان میں موسلا دھار بارش سے ڈیڑھ لاکھ کے قریب افراد متاثر ہوگئے۔ چینی میڈیا کے مطابق صوبائی سیلاب کنٹرول اور خشک سالی سے متعلق امدادی ہیڈ کوارٹر نے بتایا ہے کہ وسطی چین کے صوبہ ہینان میں ہونے والی موسلا دھار بارش سے 144،660 سے زیادہ باشندے متاثر ہوئے ہیں جن میں سے 10،152 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پیراور منگل کو صوبہ کے بیشتر علاقوں میں موسلا دھار بارش کے بعد مجموعی طور پر 16 بڑے اور درمیانے درجے کے آبی ذخائر میں پانی کی سطح کوانتباہ کی سطح سے اوپر دیکھا گیا ہے ۔ پنگ ڈنگ شان سٹی کی لوشن کانٹی میں سب سے زیادہ 400.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ متعلقہ اداروں نے شدید بارش کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ ان مسلسل تیز بارشوں کے باعث 9،222 ہیکٹر رقبہ پر کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے ، جس سے ملک کو معاشی طور پر تقریبا 11.3ملین امریکی ڈالر کا نقصان ہوا ہے ۔صوبائی محکمہ موسمیات بیورو کی پیشن گوئی کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے وسطی ، مغربی اور شمالی علاقوں میں موسلا دھار بارش جاری رہنے کا امکان ہے۔