اسلام آباد میں عید کے موقع پر صفائی ایکشن پلان کو حتمی شکل دے دی گئی، عملہ کی چھٹیاں منسوخ

بیس ہزار سے زائد عملہ خاکروب، سپروائزری سٹاف اور افسران ہنگامی بنیادوں پر ڈیوٹی کر کے شہر کو صاف رکھنے کے فرائض سر انجام دے گا

منگل 20 جولائی 2021 16:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2021ء) چیئرمین، سی ڈی اے عامر علی احمدنے عید الاضحی کے موقع پر اسلام آباد کے شہریوں کو صفائی کی بہترین خدمات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے ۔انہوں نے یہ ہدایت صفائی کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کے دوران دی ۔ اجلاس میں ممبر ایڈمنسٹریشن عامر عباس،رانا شکیل ممبر فنانس، ڈائریکٹر جنرل سوک مینجمنٹ غلام سرور سندھو اور سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ کے دیگر افسران نے شرکت کی۔

چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایات کی روشنی میں ڈائریکٹوریٹ آف سینی ٹیشن نے اسلام آباد میں قربانی کے جانوروں کی اوجھڑیاں اور دیگر آلائشیں اٹھانے کے لئے خصوصی انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔اس سلسلے میں شہر کو چار زون میں تقسیم کیا گیا ہے تاکہ مطلوبہ نتائج حاصل کئے جا سکیں۔

(جاری ہے)

زون ون میں ایف فائیو، ایف سکس، بلیو ایریا، سیدپور اور بری امام، فیصل مسجد، ای سیون، ایف سیون، ایف ایٹ اورجی ایٹ۔

زون ٹو میں ایف ٹین، ایف الیون، گولڑہ شریف، جی نائن، جی ٹین، جی الیون وغیرہ۔ زون تھری میں ایچ ایٹ، ایچ نائن، ایچ ٹین، ایچ الیون، آئی ایٹ، آئی نائن، آئی ٹین، آئی الیون وغیرہ جبکہ زون فور میں ہائی وے، ماڈل ویلج ہمک، شہزاد ٹان، راول ٹان، مارگلہ ٹان، لہتراڑ روڈ، بھارہ کہو وغیرہ کے علاقے شامل ہیں۔ہر زون کو چیف سینٹری انسپکٹرسپروائز کرے گا جبکہ سیکٹرز میں سینٹری انسپکٹر اور سپروائزر اپنی خدمات سر انجام دیں گے۔

ایکشن پلان کے مطابق سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ کے عملے کی عید کے دوران چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں اورتقریبا 2000 سے زائد عملہ خاکروب، سپروائزری سٹاف اور افسران ہنگامی بنیادوں پر ڈیوٹی کر کے شہر کو صاف رکھنے کے فرائض سر انجام دے گا۔ جبکہ سو سے زائد گاڑیاں، ٹریکٹر ٹرالیاں، گاربیج کمپیکٹر، اسکپ لفٹر، ٹرک ڈمپر، فرنٹ لوڈر، شاول اور ڈوزر وغیرہ اس مہم میں شامل ہوں گے۔

قربانی کے جانوروں کی اوجھڑیاں اور دیگر آلائشوں کو تلف کرنے کے لئے 40مختلف مقامات پر 80 سے زائدگڑھے کھودے گئے ہیں۔مزید براں دو ایمرجنسی سیل قائم کر دئے گئے ہیں، جو کہ سینی ٹیشن ڈئریکٹوریٹ کے مرکزی دفتر واقع جی سکس ون فور اور ٹرانسپورٹ سیکشن واقع فائر ہیڈ کوارٹرز،جی سیون فور میں دن رات کام کریں گے۔ مزید براں، اسلام آبادکے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ قربانی کے جانور جگہ جگہ ذبح کرنے سے گریزکریں اوراجتماعی قربان گاہ کو ترجیح دیں اور قربانی کے جانور جہاں ذبح ہوں، ان کی اوجھڑیاں اور دیگر الائشیں وہیں رکھیں، تاکہ عملہ صفائی اس کو فوری طور پر اٹھا کر لے جائے۔

اوجھڑیاں نالوں، جنگلوں وغیرہ میں نہ پھینکیں اور کوڑے دانوں اور گاربیج ٹرالیوں و اسکپوں میں بھی نہ ڈالیں۔شہریوں کے عدم تعاون کی صورت میں شہر میں تعفن اور مہلک بیماریاں پھیل سکتی ہیں۔خلاف ورزی پر قانونی کاروائی عمل میں لائی جا ئے گی۔علاوہ ازیں صفائی کے حوالے سے معاملات یا اوجھڑیاں وغیرہ اٹھوانے کے لئے شہری سینی ٹیشن ہیلپ لائن نمبر1334 یا 9213908 اور ٹیلی فون 9203216، 9211555 9223171, پر رابطہ کریں۔

علاوہ ازیں شہری واٹس ایپ پیغام یا ایس ایم ایس(SMS) ذریعے نمبر 03355001213 پر اپنے پیغامات بھیج سکتے ہیں۔چیئرمین سی ڈی اے نے مزید کہا کہ شہریوں کے بھرپور تعاون اور دی گئی ہدایات پر عملدرامد سے ہی ادارہ مطلوبہ نتائج حاصل کر سکتا ہے اور بروقت صفائی سے شہر کو تعفن و بیماریوں سے بچایاجا سکتا ہے۔