سندھ میں اضافی کرایہ لینے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کریک ڈاؤن

ٹرانسپورٹرز کے خلاف کارروائیوں میں دو ہزار سے زائد مسافروں کو 2 لاکھ روپے سے زائد اضافی کرایہ واپس کروا دیا گیا

منگل 20 جولائی 2021 16:44

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2021ء) وزارت ٹرانسپورٹ سندھ نے اضافی کرایہ لینے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف صوبے بھر میں کریک ڈاؤن شروع کردیاہے۔

(جاری ہے)

وزارت ٹرانسپورٹ سندھ نے کراچی، حیدرآباد، ٹھٹہ اور سکھر سمیت دیگر شہروں میں اضافی کرایہ لینے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کارروائیوں میں دو ہزار سے زائد مسافروں کو 2 لاکھ روپے سے زائد اضافی کرایہ واپس کروا دیا گیا، جبکہ مسافر گاڑیوں پر 1 لاکھ 80 ہزار روپے کا جرمانہ کیا گیا۔

دوسری طرف خیرپور، شہید بینظیرآباد، میرپور خاص اور دیگر شہروں میں کورونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ نہ رکھنے والے مسافروں کو وارننگ دی گئی اور متعدد گاڑیوں کو متعلقہ تھانوں میں بند کردیا۔لاڑکانہ میں 45 مسافروں کو سفر کے دوران ویکسین لگائی گئی اور 7 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا،ریجنل ٹرانسپورٹ سیکریٹری ٹھٹہ اعجاز سرہیو نے کراچی سے تھر جانے والے 100 سے زائد تھر باسیوں کو اضافی کرایہ واپس کروایا۔