بیگم صفدر اعوان کی الیکشن کمپین درحقیقت بغض عمران خان اور بغض پاکستان کا اظہار ہے‘فیاض الحسن چوہان

کشمیر میں ہوتے ہوئے بھی بیگم صفدر اعوان ابھی تک مودی کے خلاف بات کرنے کی ہمت نہیں کر سکیں‘صوبائی وزیر جیل خانہ جات

منگل 20 جولائی 2021 18:06

بیگم صفدر اعوان کی الیکشن کمپین درحقیقت بغض عمران خان اور بغض پاکستان ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2021ء) صوبائی وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ بیگم صفدر اعوان کی الیکشن کمپین درحقیقت بغض عمران خان اور بغض پاکستان کا اظہار ہے،محترمہ آزاد کشمیر میں اپنی پرفارمنس کم، اور قومی سلامتی کے خلاف ہرزہ سرائی زیادہ کر رہی ہیں۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ کشمیر میں ہوتے ہوئے بھی بیگم صفدر اعوان ابھی تک مودی کے خلاف بات کرنے کی ہمت نہیں کر سکیں۔

(جاری ہے)

بیگم صفدر اعوان کا دفتر خارجہ کو افغانستان سے معافی مانگنے کا بیان انتہائی شرمناک ہے۔ پوری دنیا نے شریف خاندان کے یار مودی سرکار کی پاکستان مخالف سرگرمیاں دیکھ لی ہیں۔ بھارت نے ایف اے ٹی ایف کا استعمال کر کے پاکستان کو گرے لسٹ پر رکھنے کی پوری کوشش کی۔آج وزیراعظم عمران خان کی بہتر سفارتکاری کی بدولت پاکستان عالمی محاذ پر اکیلا نہیں۔ عالمی طاقتیں وزیراعظم عمران خان کے ہر بیان اور ہر پالیسی کو سنجیدگی سے لیتی ہیں۔ فیاض الحسن چوہان نے کہاکہ شریف خاندان چاہے جتنا زور لگا لے، پاکستان کی سالمیت کو ذرہ برابر نقصان نہیں پہنچا سکتا۔ پاکستان کا جمہوری نظام اور سالمیت اس وقت محفوظ ہاتھوں میں ہے۔