سنت ابراہیمی ہمیں اللہ کی راہ میں اپنا سب کچھ قربان کر دینے کا جذبہ عطا کرتی ہے‘محمد سرور

اللہ تعالی سنت ابراہیمی کی پیروی میں قربانی کرنے والے ہر مسلمان کے اس نیک عمل کو اپنی بارگاہ الہی میں قبول کر ے ‘گورنرپنجاب

منگل 20 جولائی 2021 21:58

سنت ابراہیمی ہمیں اللہ کی راہ میں اپنا سب کچھ قربان کر دینے کا جذبہ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2021ء) گور نر پنجاب چوہدری محمد سرور نے عید الا ضحے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سنت ابراہیمی ہمیں اللہ کی راہ میں اپنا سب کچھ قربان کر دینے کا جذبہ عطا کرتی ہے‘ آج امت مسلمہ کو ایسے لوگوں کی ضرورت ہے جن کا عقیدہ یقین،توکل، عمل صالح اور ایمان ابراہیم والا ہو جو اللہ تعالیٰ اور اس کے دین کی سربلندی کی خاطر سب کچھ چھوڑنے اور قربان کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہوں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ قربانیوں اور ایثار کا یہی جذبہ ہمیں اس بات کا احساس اور پیغام دیتا ہے کہ ہمیں اپنے وطن عزیز کی حرمت اور عزت کے لیے اپنے اپنے سیاسی اور نظریات اور مقاصد کو مادر وطن کی سلامتی اور بقا کے لیے پس پشت رکھنا ہے اور ایک ایسی فولادی قوم کی حیثیت سے دنیا میں ابھرنا ہے جس کا خواب حضرت اقبال اور قائداعظم محمد علی جناح نے دیکھا تھا۔

(جاری ہے)

بلا شبہ پاکستانی ایک بہادر باوقار انتھک محنتی اور بے پناہ صلاحیتوں سے بھر پور قوم ہے جو مشکل سے مشکل چیلنج قبول کرنے کا حوصلہ رکھتی ہے وہ وقت دور نہیں جب پاکستان وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں بحرانوں سے نکل کر ایک مضبوط معیشت بن کر ابھرے گا۔گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ آج کے دن ہمیں ان شہدا کی قربانیوں کو بھی نہیں بھولنا جنہوں نے ملک کی سلامتی اور بقا کے لیے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی زندگیوں کا نذرانہ پیش کیا ۔

آج کے دن ہمیں اس امر کا بھی اعادہ کرنا ہے کہ ہم وطن عزیز کو محفوظ تر بنانے کے لیے اپنے ذاتی فروعی اختلافات کو پس پست ڈال کر اجتماعی سوچ و فکر کا مظاہرہ کریں۔آج کا یہ مبارک دن اس بات کا پیغام دیتا ہے کہ معاشرے کے وہ مجبور ،نادار ،مسکین اور غریب افراد جو ہماری توجہ اور مدد کے زیادہ مستحق ہیں ہم آج کے دن انہیں بھی اپنی خوشیوں میں بھرپور طریقے سے شامل کریں۔ گورنر پنجاب نے دعا کی کہ اللہ تعالی سنت ابراہیمی کی پیروی میں قربانی کرنے والے ہر مسلمان کے اس نیک عمل کو اپنی بارگاہ الہی میں شرفِ قبولیت عطا فرمائے۔