بلاول بھٹو زرداری کی امتِ مسلمہ کو دل کی گہرائیوں سے عیدالاضحی کی مبارکباد پیش

عیدالاضحی، اللہ تعالی کی رضا کے سامنے غیر مشروط طور سر بسجود ہونے اور اس پر کامل یقین رکھنے کی یاد دلاتی ہے، چیئرمین پیپلزپارٹی

منگل 20 جولائی 2021 22:21

بلاول بھٹو زرداری کی امتِ مسلمہ کو دل کی گہرائیوں سے عیدالاضحی کی مبارکباد ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2021ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان سمیت پوری امتِ مسلمہ کو دل کی گہرائیوں سے عیدالاضحی کی مبارکباد پیش کی ہے۔ عید کی مناسبت سے جاری کردہ اپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ عیدالاضحی، اللہ تعالی کی رضا کے سامنے غیر مشروط طور سر بسجود ہونے اور اس پر کامل یقین رکھنے کی یاد دلاتی ہے، اور اپنی ذات کو بالائے طاق رکھ کر ایک عظیم مقصد کی خاطر قربانی دینے کا درس ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے عوام پر زور دیا کہ وہ عید کی مسرتوں کے دوران غربت و عدم مساوات کی وجہ سے زندگی کی بنیادی ضروریات سے محروم افراد کو نہ بھولیں اور انہیں بھی اپنی خوشیوں میں شامل کریں۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کی چوتھی لہر کی روکتھام کے لیئے ہر شہری ایس او پیز پر عمل کرے اور ویکسینیشن کے لیئے تمام اہل شہریوں کو وبا سے بچاو کا ٹیکہ لگنے کو یقینی بنانے کے لئے ہر پاکستانی کو آگے آنا چاہئے۔

(جاری ہے)

پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ عید کے موقعے پر انہیں مقبوضہ کشمیر کی اس عوام کی یاد آرہی ہے ،جو قابض افواج کی بے لگام بربریت کی وجہ سے عید کے پرمسرت موقعے سے بھی لطف اندوز ہونے سے مجبور ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے مسلح افواج، پولیس اور سویلین انتظامیہ کے شہدا کے لواحقین کے ساتھ اپنی جانب سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے، جنہوں نے ملک و قوم کے تحفظ کی خاطر اپنی جانیں قربان کردیں۔ پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ میں دعاگو ہوں، عیدالاضحی کا مقدس دن نہ صرف ہماری قوم بلکہ پوری دنیا کے لیئے ایک خوشیوں سے بھرے مستقبل کی نوید اور انسانذات کے لیئے ایسی قوت و یقین کا سبب بنے کہ وہ اپنے تمام اختلافات کو دفن کرکے کرہِ ارض کو امن کا گہوارہ بنادیں۔ .