آزمائشی دور قربانی کے فلسفے کو سمجھنے اور عمل کا متقاضی ہے، دردانہ صدیقی

منگل 20 جولائی 2021 22:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2021ء) مناسک حج اور قربانی دراصل روح کی پاکیزگی اور خواہشات نفس کی نفی ہے جن کی اعلی و ارفع مثال حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام نے اپنے رب کے حضور اپنی پیاری چیز قربان کر کے قائم کر دی۔ اسوہ ابراہیمی علیہ السلام تاقیامت امت کے لئے مشعل راہ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی دردانہ صدیقی نے عید کے موقع پر اپنے تہنیتی پیغام میں کیا۔

(جاری ہے)

پوری قوم بالخصوص خواتین کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عید ایک ایسے موقع پر آئی ہے جب ہم کورونا کی آزمائش سے دوچار ہیں، ان حالات میں ایثار و قربانی کے فلسفے کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے، اپنی خوشیوں میں غربا و مساکین کو شامل کرنا ہرگز نہ بھولیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دین کی پاسداری کے لئے اپنے آپ کو خالصتا اللہ کے سپرد کر دینا ہی زندگی کا اصل مشن ہے فلسفہ قربانی کی اصل روح کو اختیار کرنا ہی اسلامی انقلاب کا سنگ میل ہے۔ ہم ذوالحج کے مبارک موقع پر دنیا بھر کے مسلمانوں خصوصامظلوم کشمیری اور فلسطینی مسلمانوں کے لیے دعا گو ہیں کہ اللہ کی زمین ظلم و ستم سے پاک ہوجائے اور امن و سلامتی کے نور سے منور ہو جائے۔