افغان صدارتی محل میں نماز عید کے دوران راکٹ حملے کی ویڈیو وائرل

منگل 20 جولائی 2021 23:22

کابل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2021ء) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں عید الاضحی کے موقع پر صدارتی محل کے قریب راکٹ حملے کیے گئے۔افغان میڈیا رپورٹس کے مطابق کابل کے گرین زون پر صبح کے وقت راکٹ فائر کیے گئے اور یہ راکٹ صدارتی محل کے قریب داغے گئے۔

(جاری ہے)

راکٹ حملے کے وقت صدارتی محل میں عیدالاضحیٰ کی نمازادا کی جارہی تھی جس میں افغان صدر اشرف غنی اور چیئرمین افغان مصالحتی کونسل عبداللہ عبداللہ اور سابق صدر حامد کرزئی سمیت دیگر اعلیٰ قیادت موجود تھی۔

راکٹ حملے کے باوجود صدارتی محل میں نمازعید کی ادائیگی جاری رہی۔راکٹ حملوں کے دوران صدارتی محل میں نماز عید کی ادائیگی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔نماز عید کے بعد خطاب میں افغان صدر اشرف غنی کا کہنا تھاکہ طالبان نے ظاہرکردیا انہیں امن کی کوئی خواہش نہیں، ہم اسی بنیاد پر فیصلے کریں گے۔