علی حسام اصغر ’’چیئرمین یونائیٹڈ بزنس گروپ لاہور‘‘مقرر

منگل 20 جولائی 2021 23:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2021ء) سرپرست اعلی یونائیٹڈ بزنس گروپ ایس ایم منیر اور چیئرمین افتخار علی ملک نے یوبی جی میں نوجوان قیادت کو آگے لانے کے عزم کو دہراتے ہوئے سابق سینئر نائب صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اورفائونڈرز گروپ کے فعال رہنما علی حسام اصغر کو " چیئرمین یونائیٹڈ بزنس گروپ لاہور " مقرر کر دیا ہے۔

اس سلسلہ میں ایس ایم منیر اورافتخار علی ملک نے علی حسام اصغر کی رہائش گاہ پر باضابطہ طورپر علی حسام اصغر کی تقرری کا اعلان کیا۔ اس موقع پر سابق صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ڈاکٹر محمد نعمان ادریس بٹ، رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے رہنما پیر سید ناظم شاہ،ا سپیشل اسٹنٹ برائے پولیٹیکل افیئرز یوبی جی ڈاکٹر محمد احسن محمود، محمد یاسین و دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ایس ایم منیر نے کہا کہ ہر صورت میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا پلیٹ فارم بزنس کمیونٹی کو واپس دلوائیں گے۔ چیئرمین یونائیٹڈ بزنس گروپ افتخار علی ملک نے کہا کہ فائونڈرز گروپ لاہور بالکل متحرک اور مضبوط رول ادا کر رہا ہے،ہم نوجوانوں کو بھرپور مواقع دینے پر یقین رکھتے ہیں ،علی حسام اصغر پاکستان کی معاشی ترقی کے لئے مثبت کردار ادا کریں گے۔ نومنتخب چیئرمین یوبی جی لاہور علی حسام اصغر نے کہا کہ میں اپنے قائدین بالخصوص ایس ایم منیر،افتخار علی ملک اور شہزاد علی ملک کا خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے مجھ پر اعتماد کیا اورمیں بزنس کمیونٹی کویو بی جی کے بینر تلے یکجا کرنے اورانکی خدمت کی بھرپور کوشش کروں گا۔