لطیف آباد یونٹ نمبر 11 میں میاں بیوی کا لرزہ خیز مبینہ قتل، علاقے میں خوف کا عالم

منگل 20 جولائی 2021 23:30

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2021ء) لطیف آباد یونٹ نمبر 11 میں میاں بیوی کا لرزہ خیز مبینہ قتل، پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے سول ہسپتال منتقل کیا، واقعہ کے بعد سے علاقے میں خوف کا عالم ہے۔اے سیکشن تھانہ کی حدود لطیف آباد یونٹ نمبر 11 میں ایک فلیٹ سے میاں بیوی قاضی ظہیرالدین اور ان کی اہلیہ نگہت بانو قاضی کی لاشیں برآمد ہوئیں جنہیں تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا تھا، اطلاع ملنے پر پولیس اور رینجرز موقع پر پہنچی اور دروازہ توڑ کر لاشوں کو کمرے سے نکالنے کے بعد پوسٹ مارٹم کے لئے ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول ہسپتال حیدرآباد منتقل کیا گیا۔

اے سیکشن پولیس نے مقتولین کے ساتھ رہائش پزیر ان کے بیٹے اور بیٹی کے بیانات قلمبند کئے ہیں ، بیٹے کے مطابق وہ جب گھر پہنچا اور دورازہ کھٹکھٹایا تو کسی نے نہیں کھولا جس کے بعد دروازے کو توڑا تو والدہ کی خون میں لت پت لاش دیکھی جس کے بعد اندر والد کی خون میں لت پت لاش بھی موجود تھی، اس دوہرے قتل کے روز ان کی بیٹی گھر پر موجود نہیں تھی۔

(جاری ہے)

مقتولین کے چار بچے ہیں جن میں دو شادی شدہ اور الگ رہائش پذیر ہیں جبکہ دو مقتولین کے ساتھ ہی رہتے تھے، پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولین کو مبینہ طور پر تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا ہے، ابھی تفتیش جاری ہے پوسٹ مارٹم کی رپورٹ آنے سے قبل کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہو گا، خود کشی اور قتل دونوں پہلوئوں کو مد نظر رکھتے ہوئے تفتیش کی جارہی ہے۔