عید الاضحیٰ کے موقع پر لاہور شہر میں بارش ہونے کی پیشن گوئی

پنجاب کے دارالحکومت کے شہری ٹھنڈی عید گزاریں گے، ملک کے بیشتر شہروں میں موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان

muhammad ali محمد علی منگل 20 جولائی 2021 23:31

عید الاضحیٰ کے موقع پر لاہور شہر میں بارش ہونے کی پیشن گوئی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 جولائی2021ء) عید الاضحیٰ کے موقع پر لاہور شہر میں بارش ہونے کی پیشن گوئی۔ تفصیلات کے مطابق عید الاضحیٰ کے موقع پر موسم کی صورتحال کے حوالے سے رپورٹ جاری کی گئی ہے، جس کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے، تاہم کچھ علاقوں میں بادل بھی برسیں گے۔ بتایا گیا ہے کہ پنجاب کے دارالحکومت کے شہری ٹھنڈی عید گزاریں گے، عید کے تینوں ایام خاص پر پہلے روز لاہور شہر میں بارش ہونے کا قوی امکان ہے۔

جبکہ محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی کے شہریوں کو عید قرباں کے 3 روز کے دوران موسم خوش گوار رہنے اور چوتھے روز سے بارش ہونے کی نوید سنائی گئی ہے۔ دوسری جانب صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، تیز بارش سے ندی نالے بھی بپھر گئے، موسلادھاربارش سے بجلی کا ترسیلی نظام بھی بری طرح متاثر رہا، ،خراب موسم کی وجہ سے پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا اور متعدد پروازیں منسوخ ہوگئیں۔

(جاری ہے)

منگل کے روز صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں میں بارش کے باعث 300 سے زائد فیڈرٹرپ کر گئے، فیڈر ٹرپ ہونے اور دیگر فنی خرابیوں کے باعث متعدد علاقے بجلی سے گھنٹوں محروم رہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہورمیں سب سے زیادہ بارش پانی والا تالاب والامیں 97 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، نشتر ٹائون میں 68، جوہر ٹائون میں 56، فر خ آباد میں 54، پنجاب یونیورسٹی 50، لکشمی چوک میں 48، چوک ناخدا میں 40، گلبرگ میں 23 ملی میٹر اور ایئرپورٹ میں 16 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ منگل کی بارش کے بعد ماہرین موسمیات نے اگلے ایک ہفتے کے دوران لاہور کا موسم خوشگوار رہنے کی پیشن گوئی کی ہے۔