اسرائیل نے آئس کریم کمپنی کو دھمکی کیوں دی ہے؟

DW ڈی ڈبلیو بدھ 21 جولائی 2021 09:20

اسرائیل نے آئس کریم کمپنی کو دھمکی کیوں دی ہے؟

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 21 جولائی 2021ء) بین اینڈ جیریزنے پیر کے روز اعلان کیا تھا کہ وہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں تعمیر غیر قانونی اسرائیلی بسیتوں میں آئس کریم فروخت کرنے کے اپنے معاہدے کو ختم کررہی ہے۔

اسرائیلی وزیر اعظم نیفتالی بینیٹ نے اس اعلان کے بعد یونی لیور کے سی ای او ایلن جوپ سے ٹیلی فون پر بات کی اور کہا کہ بائیکا ٹ کا یہ فیصلہ 'اسرائیل مخالف ایک واضح قدم‘ ہے۔

وزیر اعظم بینیٹ نے منگل کے روز وارننگ دی کہ اسرائیل بائیکاٹ کے ایسے کسی بھی اقدام کے خلاف'سخت کارروائی‘ کرے گا جس سے اس کے شہریوں پر اثر پڑتا ہو۔

اسرائیلی اقدامات

امریکا میں اسرائیل کے سفیر نے متعدد ریاستی گورنروں سے رابطہ کیا اور ان سے مذکورہ آئس کریم برانڈ کے خلاف بائیکاٹ مخالف قوانین کو نافذ کرنے کی اپیل کی۔

(جاری ہے)

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے اس معاملے پر گوکہ براہ راست کوئی بیان دینے سے گریز کیا۔ تاہم انہوں نے اسرائیل کو 'نامناسب طریقے سے الگ تھلگ کرنے‘ کے لیے بائیکاٹ اور ڈس انوسٹمنٹ اینڈ سینکشنز (بی ڈی ایس) تحریک کے سلسلے میں امریکی حکومت کے موقف کا اعادہ کیا۔

نیویارک شہر میں، جہاں بڑی تعداد میں یہودی رہتے ہیں، بعض چھوٹے کریانہ کی دکانوں کا کہنا تھا کہ وہ اپنی دکانوں سے بین اینڈ جیریز کی مصنوعات کو کم کردیں گی یا ہٹا دیں گی۔

اسرائیل کا مقبوضہ بستی پر فوجی اڈہ تعمیر کرنے کا منصوبہ

سامیت مخالف واقعات کے بعد جرمنی میں حماس کے پرچم پر پابندی پر اتفاق

بین اینڈجیریز کمپنی نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں تعمیر غیر قانونی یہودی بستیوں میں آئس کریم فروخت نہ کرنے کا فیصلہ فلسطین حامی کارکنوں کی طرف سے چلائی جانے والی ایک مہم کے بعد کیا تھا۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ مقبوضہ علاقوں میں مصنوعات کو فروخت کرنا اس کی دیرینہ 'قدروں‘ کے منافی ہے۔

بین اینڈ جیریز اور سیاست

یونی لیور نے سن 2000 میں بین اینڈ جیریز کو خرید لیا تھا۔ معاہدے کے تحت آئس کریم برانڈ کو کمپنی کے دیگر ذیلی کمپنیوں کے مقابلے میں نسبتاً کہیں زیادہ خود مختاری حاصل ہے۔

بین اینڈ جیریز کمپنی کا اپنا آزادنہ بورڈ ہے اور سوشل کارپوریٹ مشن کے حوالے سے اسے اپنے منصوبوں پر عمل کرنے کی آزادی ہے۔

اس نے ماضی میں بلیک لائیوز میٹر جیسی سماجی انصاف کی تحریکوں کی بھی حمایت کی ہے۔

مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی بستیاں جنگی جرم، اقوام متحدہ

یروشلم کے مسلم اکثریتی علاقوں میں یہودیوں کو مارچ کی اجازت

بین اینڈ جیریز کی جانب سے پیر کے روز کیے جانے والے اعلان کے مطابق کمپنی اپنے اسرائیلی شراکت دار کے ساتھ معاہدے کی تجدید نہیں کرے گی۔ یہ معاہدہ سن 2022 میں ختم ہو رہا ہے۔

کمپنی تاہم اسرائیل کے دیگر حصوں میں ”ایک مختلف معاہدے" کے تحت آئس کریم فروخت کرتی رہے گی۔

خیال رہے کہ مقبوضہ علاقوں میں تقریباً سات لاکھ اسرائیلی آباد ہیں جبکہ دنیا کے بیشتر ممالک اسے غیر قانونی قرار دیتے ہیں۔

ج ا/ ص ز (روئٹرز، اے پی)