Live Updates

آزاد کشمیر الیکشن کی سکیورٹی پاک فوج کے سپرد کردی گئی

پاک فوج 25 جولائی کو آزاد کشمیر انتخابات میں سیکیورٹی فرائض انجام دے گی، پاک فوج کی کوئیک ری ایکشن فورس کے تحت 22 سے 26 جولائی تک تعینات ہو گی۔ آئی ایس پی آر

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 23 جولائی 2021 10:36

آزاد کشمیر الیکشن کی سکیورٹی پاک فوج کے سپرد کردی گئی
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 جولائی2021ء) آزاد کشمیر میں ہونے والے انتخابات کی سکیورٹی پاک فوج کے سپرد کردی گئی، پاک آرمی کا پولنگ سٹیشنوں، پولنگ کے عمل یا انتخابی سامان کی ترسیل سے کوئی تعلق نہیں ہوگا۔تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پاک فوج 25 جولائی کو آزاد کشمیر انتخابات میں سیکیورٹی کے فرائض انجام دے گی ، آزاد کشمیر کے الیکشن کمیشن نے پاک فوج کو سیکیورٹی اور پرامن ماحول کے انتظامات کیلئے طلب کیا ہے ، اس لیے پاک فوج کی کوئیک ری ایکشن فورس کے تحت 22 سے 26 جولائی تک تعینات ہو گی، یہ تعیناتی آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت کی گئی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آزاد کشمیر میں پرامن انتخابات کیلئے آزاد کشمیر پولیس کے ساتھ دیگر صوبوں کے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکار اور نیم فوجی دستے بشمول رینجرز اور ایف سی اہلکار بھی فرائض سرانجام دیں گے ، ان انتظامات کا مقصد بلاتعطل پرامن انداز میں انتخابات کا انعقاد کرانا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف وزیراعظم آزادکشمیر راجا فاروق حیدر نے الزام عائد کیا ہے کہ آزاد کشمیر میں منی لانڈرنگ ہورہی ہے اور وزیر اعظم پاکستان کا آفس استعمال ہورہا ہے ، اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے راجا فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ 25 جولائی کو آزادکشمیر کے الیکشن ہونے ہیں، یہ الیکشن ایک خاص قومی بیانیے پر لڑے جارہے ہیں اور ایک بیانیہ ہمارا اور ایک مخالفین کا بیانیہ ہے ، 5 اگست کے بھارتی اقدام کے بعد حکومت پاکستان معاملات کو اس طرح نہیں لےکرچل سکی، صرف اقوام متحدہ میں تقریر کرنا کافی نہیں تھا جبکہ کل نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کے اجلاس میں نہیں جارہا۔

وزیراعظم آزادکشمیر کا کہنا تھا کہ کشمیر پر امریکی ثالثی تسلیم کرنا سب سے بڑی بیوقوفی ہے، لائن آف کنٹرول پر پاکستان اور کشمیر کاخون بہا ہے، ہمارے وزیر خارجہ بچوں کو کہانیاں سنانے کیلئے ہیں ، وزیراعظم عمران خان نے الیکشن میں مداخلت کی تو ہم بھی لحاظ ختم کردیں گے ، وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے تحریک انصاف پر مرضی کے نتائج حاصل کرنے کیلئے اقدامات کرنے کا الزام بھی عائد کیا-
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات