قانون کی طالبہ کو خنجر کے 23وار کر کے زخمی کرنیوالا مجرم شاہ حسین سزا مکمل ہونے پر جیل سے رہا

شاہ حسین کے خلاف کلاس فیلوخدیجہ صدیقی پر3مئی 2016 کو حملے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا تھا

جمعہ 23 جولائی 2021 10:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2021ء) قانون کی طالبہ خدیجہ صدیقی کو چھریاں مار کر زخمی کرنے والے اس کے کلاس فیلو شاہ حسین کو سزا مکمل ہونے پرلاہور کی جیل سے رہا کردیا گیا۔شاہ حسین کے خلاف کلاس فیلوخدیجہ صدیقی پر3مئی 2016 کو حملے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

ایف آئی آر کے مطابق خدیجہ اپنی چھوٹی بہن کو شملہ پہاڑی کے قریب سکول سے لینے گئی، ڈیوس روڈ پر شاہ حسین نے اس پرچھریوں سے حملہ کر دیا اور 23 وار کرکے اسے شدید زخمی کر دیا۔

ٹرائل مکمل ہونے پر شاہ حسین کو جوڈیشل مجسٹریٹ نی29جولائی2017 کو 7 سال قید کی سزا سنائی۔ اپیل میں سیشن عدالت نے شاہ حسین کی سزا2 سال کم کرکے 5 سال کر دی ، جون2018 میں لاہور ہائیکورٹ نے سزا ختم کر کے شاہ حسین کو بری کر دیا تاہم جنوری2019 میں سپریم کورٹ نے لاہور ہائیکورٹ کا بریت کا حکم ختم کرکے اس کی5سال قیدکی سزا بحال کر دی تھی۔سزا مکمل ہونے پر شاہ حسین کو لاہور کی جیل سے رہا کر دیا گیا ۔