کسی بھی ادارے کو لامحدود اختیارات دینے سے بیگاڑ پیدا ہوتا ہے ‘کارپٹ ایسوسی ایشن

برآمدات میں استحکام لانے کیلئے حکومت کی سرپرستی میں طویل المدت پالیسی نا گزیرہے ‘ سینئر وائس چیئرمین ریاض احمد

جمعہ 23 جولائی 2021 10:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2021ء) پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے مشیر تجارت عبد الرزاق دائود کی جانب سے فیڈرل بورڈ آف ریو نیو سے گرفتاری کا اختیار واپس لینے کے اعلان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی ادارے کو لامحدود اختیارات دینے سے بیگاڑ پیدا ہوتا ہے ،ایف بی آر کی سخت مانیٹرنگ نا گزیر ہے اور اسے پابند کیا جائے کہ پہلے سے ٹیکس نیٹ میں شامل افراد کے گرد شکنجہ کسنے کی بجائے نئے ٹیکس گزاروں کو تلاش کرے،پاکستان کو مینو فیکچرننگ حب بنانے کے لئے جامع اور موثر پالیسی مرتب کی جائے ۔

ان خیالات کا اظہار ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین ریاض احمد نے ایک بیان میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی وسط ایشیائی ریاستوں سے تجارت بہت کم ہے، برآمدات کو فروغ دینے کیلئے چند روایتی مارکیٹوں کی بجائے دنیا کے تمام ممالک کی مارکیٹوں تک رسائی حاصل کرنا ہو گی جس کیلئے برآمدکنندگان اور مینو فیکچررز کے وفود روانہ کئے جانے چاہئیں جو ان ممالک کے حالات کا بغور جائزہ لے کر مستقبل کی منصوبہ بندی کریں۔

(جاری ہے)

ریاض احمد نے کہا کہ برآمدات میں استحکام لانے کے لئے حکومت کی بھرپور سرپرستی میں طویل المدت پالیسی نا گزیرہے ،حکومت سے مطالبہ ہے کہ ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت جودنیا بھرمیں پاکستان کی پہچان ہے اسے بھی سپورٹ فراہم کی جائے تاکہ اسے دوبارہ عروج حاصل ہو سکے ۔انہوںنے کہا کہ مشیر تجارت عبد الرزاق دائود کی جانب سے ایف بی آر سے گرفتاری کا اختیار واپس لینے کا اعلان انتہائی خوش آئند ہے اوراس سے سرمایہ کاروں کااعتمادبحال ہوگا۔