بھارت نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں جبر و استبداد کی تمام حدیں پار کر لی ہیں، کل جماعتی حریت کانفرنس

بھارت کی طرف سے مقبوضہ جموںوکشمیرمیں کیے جانے والے اقدامات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہیں

جمعہ 23 جولائی 2021 10:50

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2021ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے مقبوضہ علاقے میں بھارتی توسیع پسندانہ اقدامات پر شدید تشویش ظاہر کی ہے ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکرٹری مولودی بشیر احمد نے سرینگر سے جاری ایک بیان میںکہا کہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ جموںوکشمیرمیں کیے جانے والے اقدامات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہیں جن میں جموںوکشمیر کو واضح طور پر ایک متنازعہ خطے قرار دیا گیا ہے جسکا کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق تصفیہ ہونا ابھی باقی ہے۔

انہوںنے مقبوضہ علاقے میں شادی کرنے والی غیر کشمیری عورتوں اور مردوں کو ڈومیسائل سرٹیفکیٹس کے اجرا ء کو ایک بڑی سازش قرار دیتے کہا کہ اسکا مقصد علاقے میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ علاقے میں جبر و استبداد کی تمام حدیں پار کر لی ہیں تاہم کشمیریوں کے حوصلے بند ہیں اور وہ عزوہمت کے ساتھ تحریک آزادی جاری رکھے ہوئے ہیں ۔

مولوی بشیر احمد نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے اٹل موقف اور آزادی پسند کشمیریوں کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیریوںکے جذبہ آزادی کو دبانے میں ناکام رہا ہے ۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی ریاستی دہشت گردی اور توسیع پسندانہ اقدامات کا نوٹس لیں ۔ مولوی بشیر احمد نے کہا کہ عالمی اور علاقائی امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔