Live Updates

پی پی 38 سیالکوٹ ضمنی الیکشن، ن لیگ کا مریم نواز کو انتخابی مہم میں اتارنے کا فیصلہ

مریم نواز انتخابی مہم کا آغاز کل سیالکوٹ میں جلسے اور انتخابی ریلی سے کریں گی، نوازشریف نے اپنی صاحبزادی کو ضمنی انتخاب میں مہم چلانے کی ہدایت کی۔ ذرائع

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 23 جولائی 2021 11:04

پی پی 38 سیالکوٹ ضمنی الیکشن، ن لیگ کا مریم نواز کو انتخابی مہم میں اتارنے ..
سیالکوٹ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 23 جولائی 2021ء ) پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 38 سیالکوٹ میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے لیے پاکستان مسلم لیگ ن نے مریم نواز کو انتخابی مہم میں اتارنے کا فیصلہ کرلیا۔ میڈیا ذرائع کے مطابق ن لیگی رہنماؤں نے پارٹی قائد سے مریم نواز کے جلسے کے لیے خصوصی درخواست کی ، جس پر سابق وزیراعظم پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف نے اپنی صاحبزادی مریم نواز کو ضمنی انتخاب میں مہم چلانے کی ہدایت کردی ، جس کے بعد مریم نواز انتخابی مہم کا آغاز کل سیالکوٹ میں جلسے اور انتخابی ریلی سے کریں گی ، مریم نواز کی ریلی مسلم لیگ ن سیالکوٹ کی خصوصی درخواست پر شیڈول کی گئی۔

واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 38 سیالکوٹ کے ضمنی الیکشن میں حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن میں سخت مقابلے کی توقع ہے، الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ حلقے میں ضمنی الیکشن کے لیے 28 جولائی کو میدان سجے گا جب کہ پی پی 38 ضمنی انتخاب کیلیے امیدواروں نے 7 جون سے 10 جون تک کاغذات نامزدگی جمع کروائے ، امیدواروں کے ناموں کی ابتدائی فہرست 11 جون کو جاری کی گئی ، جب کہ امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال 18 جون تک کی جاری رہی ، جس کے بعد امیدوار وں نے ریٹرننگ افسر کے فیصلوں کے خلاف 22 جون تک اپیلیں دائر کیں جب کہ امیدواروں کو یکم جولائی کو انتخابی نشانات بھی الاٹ کردیے گئے ۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ پی پی 38 سیالکوٹ کی نشست سے اپوزیشن جماعت مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی خوش اخترسبحانی چند روز قبل انتقال کرگئے تھے ، مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے رکن اسمبلی کے انتقال کی تصدیق کی اور بتایا کہ خوش اختر سبحانی دو ہفتوں سے مقامی اسپتال میں زیرعلاج تھے ، خاندانی ذرائع کے مطابق خوش اختر سبحانی جگر اور گردے کے عارضے میں مبتلا تھے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات