Live Updates

پی ٹی آئی کی حمایت پر سابق امیر جماعت اسلامی عبدالرشید ترابی کا پارٹی سے اخراج

جماعت اسلامی کے اہم امیدوار عبدالرشید ترابی پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار کے حق میں دستبردار ہوگئے تھے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 23 جولائی 2021 11:36

پی ٹی آئی کی حمایت پر سابق امیر جماعت اسلامی عبدالرشید ترابی کا پارٹی ..
مظفر آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 جولائی 2021ء) : پاکستان تحریک انصاف کے حق میں دستبرداری پر سابق امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر عبدالرشید ترابی کو پارٹی سے خارج کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کے انتخابات میں ضلع باغ سے جماعت اسلامی کے اہم امیدوار عبدالرشید ترابی پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار کے حق میں دستبردار ہوگئے تھے جس پر جماعت اسلامی آزاد کشمیر نے اپنے سابق امیر عبدالرشید ترابی کی بنیادی رکنیت خارج کردی تھی۔

جماعت آزاد کشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود نے عبدالرشید ترابی کی بنیادی رکنیت اور ممبر شپ خارج کرنے کا اعلان کیا۔ عبدالرشید ترابی اب جماعت اسلامی کا نام استعمال نہیں کرسکیں گے۔
جماعت اسلامی کے سابق امیر نے پی ٹی آئی کے وسطی باغ حلقہ 15 سے امیدوار سردار تنویر الیاس کے حق میں الیکشن سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ آزاد کشمیر اسمبلی کے الیکشن 25 جولائی کو ہوں گے۔ اس حوالے سے چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) عبدالرشید سلہریا نے کہا کہ آزاد کشمیر کے 33 جبکہ مہاجرین جموں کشمیر کے 12 حلقوں میں انتخابات کاانعقاد ہوگا، حالیہ انتخابات میں گزشتہ انتخابات کی نسبت 4 انتخابی حلقوں کا اضافہ کیا گیا ہے، آزاد کشمیر میں 28 لاکھ 17 ہزار 90 ووٹرز، جب کہ مجموعی طور پر 32 لاکھ 20 ہزار 546 کشمیری ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، جن میں مرد ووٹر کی تعداد 15 لاکھ 19 ہزار 347 اورخواتین ووٹرز کی تعداد 12 لاکھ 97 ہزار 743 ہے۔

ان انتخابات میں پیپلزپارٹی، پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن کے درمیان کا نٹے کا مقابلہ ہو گا جب کہ مرکز میں پی ٹی آئی کی حکومت کی وجہ سے ان کے امیدوراروں کو دیگر جماعتوں کے امیدواروں پر برتری حاصل ہے۔ دوسری جانب آزاد کشمیر میں انتخابات کے لیے 22 سے 26 جولائی تک فوج تعینات کی جائے گی۔ فوج کے جوان 22 سے 26 جولائی تک کویک ری ایکشن فورس موڈ پر تعینات کیے جائیں گے۔ اس کےعلاوہ رینجرز اور ایف سی کے جوان بھی پرامن انتخابات کے انعقاد کیلئے تعینات ہوں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات