خدیجہ صدیقی کوزخمی کرنے والے شاہ حسین کو سزا مکمل کرنے پررہا کردیا گیا

شاہ حسین نے 3 مئی 2016ء کو خدیجہ صدیقی پر چھریوں کے 23 وار کیے تھے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 23 جولائی 2021 12:31

خدیجہ صدیقی کوزخمی کرنے والے شاہ حسین کو سزا مکمل کرنے پررہا کردیا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 جولائی 2021ء) : خدیجہ صدیقی کوزخمی کرنے والے شاہ حسین کو سزا مکمل کرنے پررہا کردیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق شاہ حسین کو سزا مکمل ہونے پر لاہور کی جیل سے رہا کر دیا گیا۔ قانون کے طالب علم شاہ حسین کے خلاف کلاس فیلوخدیجہ صدیقی پر3 مئی 2016ء کو حملے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ شاہ حسین کے خلاف درج کی گئی ایف آئی آر کے مطابق خدیجہ اپنی چھوٹی بہن کو شملہ پہاڑی کے قریب اسکول سے لینے گئی، ڈیوس روڈ پر شاہ حسین نے اس پرچھریوں سے حملہ کر دیا اور 23 وار کرکے اسے شدید زخمی کر دیا۔

ٹرائل مکمل ہونے پر شاہ حسین کو جوڈیشل مجسٹریٹ نے 29 جولائی2017ء کو ملزم شاہ حسین کو 7 سال قید کی سزا سنائی تھی۔ اپیل میں سیشن عدالت نے شاہ حسین کی سزا 2 سال کم کرکے 5 سال کر دی جبکہ جون 2018ء میں لاہور ہائیکورٹ نے سزا ختم کر کے شاہ حسین کو بری کر دیا تھا تاہم جنوری 2019ء میں سپریم کورٹ نے لاہور ہائیکورٹ کا بریت کا حکم ختم کرکے مجرم شاہ حسین کی 5 سال قید کی سزا بحال کر دی تھی۔

(جاری ہے)

تاہم اب سزا مکمل ہونے پر شاہ حسین کو لاہور کی جیل سے رہا کر دیا گیا ہے۔ شاہ حسین کی جیل سے رہائی کے بعد خدیجہ صدیقی نے اپنے بیان میں کہا کہ تکلیف ہوتی ہے جب کہا جائے کہ ضرور کچھ کیا ہوگا۔ خدیجہ صدیقی نے مجرم شاہ حسین کی رہائی پر کہا کہ چھری کے 23 وار سہنے پڑے، اِس دکھ سے گزری ہوں۔ خدیجہ صدیقی کا کہنا تھا کہ یہ عمل بہت تکلیف دیتا ہے جب کوئی آپ کے کردار پر انگلی اٹھائے اور یہ کہے کہ ضرور اس نے کچھ کیا ہو گا۔ خدیجہ صدیقی نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سابق سفیر کی بیٹی نور کے قتل پر کہا کہ خدا کے لیے نور مقدم کے اہل خانہ پر کچھ رحم کریں۔