حکومت نے ملک کو خواتین کے لیے غیر محفوظ بنا دیا ہے

حکومت نے خواتین کی حفاظت اور وقار کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ۔ نور مقدم قتل کیس پر مریم نواز کا رد عمل

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 23 جولائی 2021 15:55

حکومت نے ملک کو خواتین کے لیے غیر محفوظ بنا دیا ہے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 جولائی 2021ء) : مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے سابق سفیر کی صاحبزادی نور مقدم قتل کیس کی ذمہ داری حکومت پر عائد کر دی۔ تفصیلات کے مطابق مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ حکومت نے ملک کو خواتین کے لیے غیر محفوظ بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عصمت دری سے متاثرہ خواتین پر الزام تراشی تک ،حکومت نے خواتین کی حفاظت اور وقار کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ۔

مریم نواز نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ میرا دل نور مقدم کے خاندان اور اس مٹی کی ساری بیٹیوں کے ساتھ ہے۔میری دعا ہے کہ اللہ آپ کا حامی و ناصر ہو۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ وزیراعظم ذاتی طور پرسابق سفارت کار کی بیٹی کے قتل کیس کو دیکھ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے خود آئی جی اسلام آباد سے معاملے پر بات کی۔

وزیراعظم سمیت پاکستان کا ہر شہری واقعہ پر دکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون کے معاملات عدالت نے دیکھنا ہوتے ہیں۔ یہ اہم کیس ہے تمام قانونی تقاضے پورے ہونے چاہئیں، انصاف کی جو بھی شکل ہو لیکن درست انصاف ہو۔ شہباز گل نے کہا کہ یہ 5 دن کا جذباتی کیسز نہیں ہونا چاہئیے۔ وزیراعظم نے آئی جی کو کہا کہ اس کیس میں کوئی رعایت نہ کی جائے۔ اپوزیشن سے درخواست ہے ان کے غم بانٹیں،ملزم کا ریمانڈ بہت کم دیا گیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ عدالتوں سے دست بدست گذارش ہے اسے عام کیس نہ سمجھیں۔ اس واقعے سے ہر پاکستانی کو بہت دکھ ہوا ہے،بچی کی والدہ کا دُکھ دیکھا نہیں جا سکتا۔ ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا تھا کہ اس کیس میں پولیس پورے میرٹ پر اس کیس کی تفتیش کرے گی۔ پولیس کے تمام اچھے سے اچھے افسران اس کیس پر ہیں۔اس کیس میں انصاف دلانے کی پوری کوشش کریں گے۔ حقائق کی مکمل جانچ تک پولیس خود بھی بہت سی باتیں نہیں بتاتی، پولیس کے بہترین افسران اس کیس کو دیکھ رہے ہیں۔