وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان عید الاضحی کے پہلے دن بھی عوامی خدمت کیلئے متحرک رہے، بغیر پروٹوکول مختلف علاقوں کا دورہ

جمعہ 23 جولائی 2021 17:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2021ء) وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان عید الاضحی کے پہلے دن بھی عوامی خدمت کیلئے متحرک رہے ۔ انہوں نے بغیر سکیورٹی پروٹوکول صوبائی دارلحکومت پشاور کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا جن میں ڈبگری گارڈن ، اندرون شہر، صدر، کوہاٹ روڈ، جی ٹی روڈ ، دلہ زاک روڈ اور دیگر شامل ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلی نے ان علاقوں میں بارش کے بعد کی صورتحال اور عید الاضحی کی مناسبت سے صفائی ستھرائی اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔

دلہ زاک روڈ اور ملحقہ علاقوں میں صفائی اور نکاسی آب کی ابتر صورتحال پربرہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہوںنے واٹر سپلائی اینڈ سنٹیشن کمپنی پشاور کے ایر یا انچارج کو معطل کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر پشاور کو فوری طور پر شہر بھر میں صفائی اور نکاسی آب کیلئے ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ۔ وزیراعلی نے صوبائی وزیربلدیات کو بھی تمام ٹی ایم ایز کو بھر پور طور پر متحرک بنانے اور صفائی کیلئے اقدامات مزید تیز کروانے کی ہدایت کی ۔