لکی مروت ، انتظامیہ نے بڑے بند باندھ کر مون سون بارشوں سے سیلابی ریلوں سے بچالیا

جمعہ 23 جولائی 2021 17:00

لکی مروت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2021ء) ضلعی انتظامیہ نے بارانی نالوں کے راستے میں گہرے کھڈے کھودنے اور بڑے بند باندھ کر مون سون بارشوں کی دوسری لہر میں شہر اور ضلع کے دیگر علاقوں کو سیلابی ریلوں سے بچا لیا۔ گذشتہ ہفتے بارشوں کی پہلی لہر میں بارانی نالوں میں آنے والی طغیانی سے املاک کو شدید نقصان پہنچا تھا جبکہ لکی شہر کے قریب واقع دینی مدرسے کی چھت گرنے سے دو طالب علم جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے تھے اس کے علاوہ شہر اور مضافات میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا تھا جس پر لوگوں کو گھر خالی کرنا پڑے تھے یہی نہیں بلکہ ضلع بھر میں پہلے ہی سے تباہ حال سڑکیں بھی سیلابی ریلوں سے متاثر ہوئی تھیں۔

ان نقصانات کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر لکی مروت اقبال حسین نے انتظامی مشینری اور متعلقہ اداروں کو متحرک کیا اور بارشوں کی دوسری لہر کے خطرات سے نمٹنے اور سیلابی پانی کے نقصانات کم سے کم کرنے کے لئے ٹھوس حکمت عملی وضع کرکے اس پر جنگی بنیادوں پر کام شروع کیا۔

(جاری ہے)

یہاں سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنرز اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز کی زیر نگرانی تحصیل میونسپل ایڈ منسٹریشن کے عملے کو بروئے کار لاتے ہوئے بھاری مشینری کی مدد سے سیلابی پانی کا زور کم کرنے کے ساتھ ساتھ اسے مفید استعمال میں لانے کے لئے نہ صرف بند کھڑے کئے گئے بلکہ بارانی نالوں میں آنے والے سیلاب کے راستے میں گہرے کھڈے بھی کھودے گئے ، ضلعی انتظامیہ کی سیلاب سے موثر طریقے سے نمٹنے کی پالیسی انتہائی کامیاب رہی اور مون سون بارشوں کی دوسری لہر کے نتیجے میں سیلابی ریلے کوئی نقصان کئے بغیر ہی گمبیلا اور کرم دریائوں سے جاملے، اس حکمت عملی سے نہ صرف لوگوں کے گھر اور دیگر املاک محفوظ رہیں بلکہ دیہاتی اور شہری سڑکیں بھی سیلابی ریلوں کا نقصان سے بچ گئیں۔