’’ ایف اے ٹی ایف‘‘کے حوالے سے بھارتی اعتراف نے اسکا اصل چہرہ بے نقاب کر دیا ہے، رپورٹ

جمعہ 23 جولائی 2021 17:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2021ء) نریندر مودی کی زیرقیادت بھارتی حکومت کے اس اعتراف کہ اس نے پاکستان کی فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی گرے لسٹ میں شمولیت یقینی بنائی ہے خطے میں بھارت کے دوہرے کردار کو بے نقاب کردیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے آج جاری کی گئی ایک تجزیاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایف اے ٹی ایف نے جون 2018 میں پا کستان کو بڑھتی ہوئی مانیٹرنگ لسٹ میں شامل کیا ہے جسے عام طور پر گرے لسٹ کے نام سے جانا جاتا ہے ۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایف اے ٹی ایف کی سیاست پر بھارتی اثر نے ایک بار پھر خطے میں نئی دہلی کے منفی کردار کے حوالے سے پاکستان کے موقف کی تصدیق کر دی ہے ۔رپورٹ میں افسوس کاا ظہار کیا گیا کہ بھارت طویل عرصے سے پاکستان کے خلاف اپنے مذموم منصوبوں کے لئے عالمی فورموں کا استعمال کررہا ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مذموم سیاسی مقاصد کے حصول کے لئے ایک اہم فورم کا استعمال گو کہ بدنامی کی بات ہے لیکن مودی کی زیرقیادت فسطائی بھارتی حکومت کے لئے یہ باعث ندامت نہیں ۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کے لئے ایف اے ٹی ایف جیسے عالمی اداروں کی ساکھ کو تباہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے ۔ کے ایم ایس رپورٹ میں کہا گیا کہ ایف اے ٹی ایف کو بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر کے بیان کا سخت نوٹس لینا چاہئے کیونکہ ان کے اعتراف نے اس کی سالمیت پر سنگین سوالات اٹھائے ہیں۔ رپورٹ میں نشاندہی کی گئی کہ بھارتی وزیر خارجہ کے اعتراف نے ایک بار پھر یہ ثابت کردیا ہے کہ بھارت پاکستان کے خلاف عالمی سطح پر رائے عامہ کو تبدیل کرنے کی سازشیں کر رہا ہے۔

رپورٹ میںپاکستان کے دفتر خارجہ کے اس بیان جس میں اس نے ایف اے ٹی ایف کو سیاست کا شکار کرنے کے لئے مودی کی زیرقیادت بھارتی حکومت کے خلاف مناسب کارروائی کے لئے عالمی مالیاتی نگران ادارے سے رجوع کرنے کا اشارہ دیا ہے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ عالمی برادری کو بھارت کو بتانا ہوگا کہ وہ پاکستان کے خلاف اپنا مذموم ایجنڈا ترک کرے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ بھارت پاکستان کو نقصان پہنچانے کے اپنے مذموم منصوبوں میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ایف اے ٹی ایف کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کررہا ہے جنکا دوسروں نے بھی اعتراف کیا ہے۔ رپورٹ میں اس سلسلے میں امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس Ned Price کے اس بیان کا حوالہ دیا گیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ امریکہ ایف اے ٹی ایف کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے پاکستان کی کوششوں کو تسلیم کرتا ہے اور یہ کہ اسلام آباد نے بین الاقوامی نگران ادارے کے اصل ایکشن پلان پر اہم پیشرفت کی ہے۔

رپورٹ میں پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے بیان کا بھی ذکر کیا گیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ایف اے ٹی ایف کے پاس پاکستان کو اپنی گرے لسٹ میں رکھنے کا کوئی جواز نہیں ہے کیونکہ اس نے ایف اے ٹی ایف کی تمام ضروریات کی تکمیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایف اے ٹی ایف ایکشن پلان کے بارے میں 27 نکات دیے گئے تھے ، جن میں سے 26 پر کام مکمل ہوچکا ہے جبکہ باقی پر کام جاری ہے ۔کے ایم ایس کی رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارت کے وزیر خارجہS. Jaishankar کے اعتراف نے نہ صرف پاکستان کے خلاف نئی دلی کے منفی کردار کو واضح کر دیا ہے بلکہ ایف اے ٹی ایف کی فیصلہ سازی پر بھی سوالات اٹھائے ہیں کہ اس مالیاتی نگران ادارے کو سیاسی اہداف کے حصول کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے ۔